فیفا عالمی کپ: میسی اور رونالڈو پر فٹبال شیدائیوں کی رہے گی خاص نگاہ، آئیے ڈالتے ہیں ان کے کچھ گزشتہ مظاہروں پر نظر

میسی اور رونالڈو نے یورپ میں اپنے کلبوں کے لیے کئی گول کیے ہیں، دونوں نے قومی اور بین الاقوامی میچ بڑی تعداد میں کھیلے ہیں اور اپنے کلب کے لیے جیت حاصل کی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

جوہان کروف، یوسیبیو، فیرینک پسکس، مشیل پلاٹنی، الفریڈو ڈی اسٹیفانو، جارج بیسٹ اور زیکو کے درمیان ایک عجیب یکسانیت ہے۔ وہ سبھی فٹبال کے معروف کھلاڑی ہیں، لیکن کبھی بھی کھیل کا سب سے مشہور خطاب فیفا عالمی کپ اٹھانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ کھیل کے اس سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے 24ویں سیزن کے شروع ہونے کا وقت قریب آ گیا ہے۔ یہ قطر میں اتوار سے شروع ہونے والا ہے۔ اس میں دو اسٹار فٹبالر لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو بھی شریک ہو رہے ہیں۔ ان دونوں مشہور و معروف کھلاڑیوں کی شرکت کے بعد قطر میں فٹبال شائقین کی نگاہیں ان دو کھلاڑیوں پر خاص طور سے رہیں گی۔

قابل ذکر ہے کہ میسی اور رونالڈو نے یورپ میں اپنے میگا کلبوں کے لیے کئی گول کیے ہیں اور ایک دہائی سے زیادہ وقت تک اپنی قومی ٹیم کی قیادت کی ہے۔ دونوں نے قومی اور بین الاقوامی میچ بڑی تعداد میں کھیلے ہیں اور اپنے کلب کے لیے جیت حاصل کی ہے۔ جیسا کہ وہ قطر میں اپنے پانچویں عالمی کپ کے لیے تیار ہیں، میسی اور رونالڈو دونوں دنیا کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں اپنی آخری موجودگی میں خطاب جیت کر آگے بڑھنے کی امید کر رہے ہیں۔ ارجنٹائنا کے میسی 35 سال کے ہیں، جبکہ پرتگالی اسٹار رونالڈو 37 سال کے ہیں اور اس بات کا بہت کم امکان ہے کہ وہ مزید ایک عالمی کپ کھیلیں گے۔ حالانکہ یہ واضح ہے کہ گزشتہ کچھ سالوں میں انھیں قابل قدر کامیابی نہیں ملی ہے اور وہ اپنے شاندار کیریر کے اہم مرحلے میں ہیں۔


میسی 114 گول اور رونالڈو 117 گول کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر اپنے اپنے ممالک کے بہترین اسکورر ہیں۔ میسی نے یورپی لیگ میں ایک سال میں بہترین کھلاڑی کو دی جانے والی ٹرافی ’بیلن ڈی اور‘ سات بار جیتی ہے، جبکہ رونالڈو نے اسے پانچ مرتبہ جیتا ہے۔ عالمی کپ میں میسی نے رونالڈو کے مقابلے میں تھوڑا بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ ایک بار ارجنٹائنا کو فائنل میں لے جانے کے بعد برازیل میں کھیلے گئے 2014 کے سیزن میں جب وہ جرمنی سے 0-1 سے ہار کر نائب فاتح رہے تھے، اسے بھلایا نہیں جا سکتا۔ پرتگال کے ساتھ رونالڈو کی دو کامیابیوں میں یورو 2016 اور یو ای ایف اے نیشنز لیگ کا 2018 سیزن جیتنا شامل ہے۔ تب فائنل میں نیدرلینڈ کو 0-1 سے شکست ملی تھی۔

حالانکہ میسی اور رونالڈو دونوں کی ہی فیفا ورلڈ کپ سے پہلے اچھی تیاری دیکھنے کو نہیں ملی ہے۔ میسی حال ہی میں بارسیلونا سے فرنچ کلب میں جانے کے بعد پیرس سینٹ-جرمین میں شامل ہو گئے ہیں۔ پی ایس جی کے ساتھ بے حد مایوس کن شروعاتی سیزن کے بعد میسی نے سیزن کے شروعاتی 9 میچوں میں 4 گول اور 7 اسسٹ کر کے شروعات کی۔ انھوں نے اس سیزن میں اب تک 12 گول کیے ہیں اور اپنے نوجوان ساتھیوں کے ساتھ تال میل بٹھانے اور عالمی کپ میں بہترین مظاہرہ کرنے میں ایک بڑے چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔


دوسری طرف رونالڈو مانچسٹر یونائٹیڈ سے ناخوش ہیں، جس میں وہ 2021 میں دوسری مدت کار کے لیے شامل ہوئے تھے۔ اپنے کلب کے لیے سرکردہ اسکورر ہونے کے باوجود انھوں نے مارکس ریشفورڈ اور انتھونی مارشل کی پسند کے لیے شروعاتی لائن اَپ میں اپنی جگہ گنوا دی ہے۔ کوچ ایرک ٹین ہیگ نے اس سیزن کی شروعات میں عہدہ سنبھالا تھا۔ مبینہ طور سے ایک حادثہ کے بعد کلب اور چیف کوچ ایرک ٹین ہیگ کے ساتھ رونالڈو کے رشتوں میں ایک انٹرویو کے بعد مزید تلخی آ گئی، جس میں انھوں نے کلب اور منیجر کی تنقید کی۔ پیئرس مارگن کے ساتھ انٹرویو میں رونالڈو نے کہا تھا کہ انھوں نے ٹین ہیگ کے ذریعہ دھوکہ بازی محسوس کی، جو چاہتے تھے کہ رونالڈو کلب چھوڑ دیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ ٹین ہیگ کی عزت نہیں کرتے کیونکہ وہ مجھے عزت نہیں دکھاتے۔ بعد ازاں رونالڈو بیان میں پھنس گئے تھے اور کچھ ٹریننگ سیشن سے محروم ہو گئے تھے۔ کچھ ایسے اندیشے بھی ہیں کہ وہ شروعاتی میچ سے محروم رہ سکتے ہیں۔ ویسے میسی اور رونالڈو دونوں نے کوالیفائنگ مرحلہ میں بہت اچھی کارکردگی پیش کی ہے، لیکن ان پر قطر میں گزشتہ کچھ شاندار کارناموں کو دہرانے کا دباؤ ہوگا۔

قطر 2022 عالمی کپ میں ارجنٹائنا گروپ سی میں سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ کے ساتھ ہے اور ارجنٹائنا کو اگلے مرحلہ میں آسانی سے آگے بڑھنا چاہیے۔ ان کے لیے بڑا چیلنج اس کے بعد شروع ہوگا۔ میکسیکو کے دوسرے مقام پر رہنے کی امید ہے، لیکن پولینڈ ہمیشہ خطرناک اسٹرائیکر رابرٹ لیوانڈووسکی کے اچھے فارم میں ہونے کی وجہ سے کچھ حیران کن کر سکتا ہے۔


دوسری طرف پرتگال گروپ ایچ میں ہے جہاں گھانا دو بار کی فاتح اروگوے و جنوبی کوریا سے چیلنج کا سامنا کر سکتا ہے۔ وہ 24 نومبر کو گھانا کے خلاف اپنی مہم کی شروعات کریں گے۔ پرتگال اور رونالڈو کو اس گروپ سے اچھے انداز میں مقابلہ کرنے اور آخری 16 میں جگہ بنانے کے لیے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ کوچ فرنانڈو سینٹوس کی ٹیم کافی مضبوط ہے، جو ان کی فیفا رینکنگ نمبر 9 سے جھلکتی ہے۔ ٹیم رونالڈو پر کافی منحصر ہے اور انھیں اپنے گروپ میں اول مقام پر پہنچنے کے لیے اپنا بہترین مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اگر رونالڈو قطر میں پرتگال کو کامیابی کی طرف لے جاتے ہیں تو وہ اپنے کیریر کو پھر سے زندہ کر سکتے ہیں اور مانچسٹر یونائٹیڈ میں مسائل سے پار پا سکتے ہیں۔ کھیل کا دباؤ ان دونوں سپراسٹارس پر ہے اور اب انھیں اس دباؤ پر جیت حاصل کر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔