مشہور و معروف اداکارہ تبسم کا 78 سال کی عمر میں انتقال، دنیائے تفریح غم میں غرق، آج ممبئی میں ہوئی تدفین
جمعہ کی شب تبسم کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انھیں اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا، بتایا جاتا ہے کہ انھیں دو بار دل کا دورہ پڑا تھا، پہلا دورہ 8.40 بجے اور دوسرا دورہ 8.42 بجے آیا۔
بالی ووڈ کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب پتہ چلا کہ گزرے زمانے کی مشہور و معروف اداکارہ تبسم دنیائے فانی کو الوداع کہہ گئیں۔ 78 سال کی عمر میں تبسم کا انتقال جمعہ کی شب ہوا، لیکن اس کی خبر کسی کو نہیں دی گئی۔ ایسا اس لیے کیونکہ تبسم نے کچھ ایسی ہی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ آج جب ممبئی میں ان کی تدفین ہوئی، اور پھر ان کے انتقال کی خبر عام ہوئی تو سبھی غم میں ڈوب گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی شب تبسم کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انھیں ممبئی واقع اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انھیں دو بار دل کا دورہ پڑا تھا۔ پہلا دورہ 8.40 بجے اور دوسرا دورہ 8.42 بجے آیا۔ لگاتار پڑنے والے دل کے دوروں کو تبسم برداشت نہیں کر سکیں اور ابدی نیند سو گئیں۔ 19 نومبر کو تبسم کی تدفین کے بعد ان کے بیٹے ہوشانگ گووِل نے ایک میڈیا ادارہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری ماں کی خواہش تھی کہ انھیں دفنانے سے پہلے کسی کو بھی ان کی موت کی بات نہ بتائی جائے۔‘‘
واضح رہے کہ تبسم نے اپنے فلمی کیریر کی شروعات ایک چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر 1947 میں آئی فلم ’میرا سہاگ‘ سے کی تھی۔ اس کے بعد وہ کئی فلمیں اور ٹی وی شو کا حصہ رہیں۔ بچپن میں ایک چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کرنے والی تبسم کی پہچان محض ایک اداکارہ کے طور پر نہیں تھی، بلکہ انھوں نے ایک ٹاک شو کے میزبان کی شکل میں بھی اپنی شناخت بنائی تھی۔ دوردرشن پر ملک میں ٹی وی کے پہلے ٹاک شو ’پھول کھلے ہیں گلشن گلشن‘ کی میزبانی کرنے کا سہرا تبسم کو جاتا ہے۔ یہ شو انھوں نے 1972 سے 1993 تک ہوسٹ کیا تھا۔ اس شو کے ذریعہ انھیں فلم انڈسٹری کی مشہور ہستیوں سے انٹرویو کرنے کا موقع ملا تھا۔ تبسم ایک یوٹیوبر بھی تھیں اور اس پلیٹ فارم کے ذریعہ وہ فلم انڈسٹری و فلمی ہستیوں کی سے جڑی دلچسپ کہانیاں سنایا کرتی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔