خلیجی ممالک میں شاہ رخ خان کا جلوہ، فلم ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ دونوں نے ’باہوبلی 2‘ کو چھوڑا پیچھے

فلم ’جوان‘ گلف باکس آفس پر 147.86 کروڑ روپے کی کمائی کر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں پہلے مقام پر قابض ہو گئی ہے، جبکہ فلم ’پٹھان‘ 118.61 کروڑ روپے کمائی کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔

جوان فلم کا پوسٹر / ٹوئٹر
جوان فلم کا پوسٹر / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

شاہ رخ خان کی مقبولیت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ اس عمر میں بھی وہ جواں سال اداکاروں کو زبردست ٹکر دے رہے ہیں۔ اس کی تازہ مثال خلیجی ممالک کا باکس آفس ریکارڈ ہے جس نے شاہ رخ کی بادشاہت کو ایک بار پھر ظاہر کر دیا ہے۔ دراصل شاہ رخ خان اب خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم دینے کے معاملے میں سرفہرست ہو گئے ہیں۔ انھوں نے پربھاس کو پیچھے چھوڑا جن کی فلم ’باہوبلی 2‘ نے گلف باکس آفس پر 86.12 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ شاہ رخ کچھ سالوں کے بریک کے بعد 2023 میں کچھ بہترین فلموں کے ساتھ بڑے پردے پر نمودار ہوئے تھے۔ ان کی یکے بعد دیگرے تین فلمیں ریلیز ہوئی تھیں اور تینوں نے ہی باکس آفس پر کامیابی کے پرچم لہرائے تھے۔ سب سے پہلے فلم ’پٹھان‘ آئی، پھر ’جوان‘ نے کئی سارے ریکارڈ توڑ ڈالے، اور پھر ’ڈنکی‘ نے بھی فلم شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ ان تین فلموں میں ’جوان‘ اور ’پٹھان‘ نے گلف باکس آفس پر خوب کمائی کی۔


باکس آفس ورلڈ وائیڈ کی ایکر پورٹ کے مطابق 2017 میں ریلیز ہوئی پربھاس کی فلم ’باہوبلی 2‘ نے خلیجی ممالک میں مجموعی طور پر 86.12 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی اور تب سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندوستانی فلم بنی ہوئی تھی۔ لیکن اب شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ اور ’پٹھان‘ دونوں نے ہی کمائی کے معاملے میں ’باہوبلی 2‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فلم ’جوان‘ نے گلف باکس آفس پر 147.86 کروڑ روپے کا کلیکشن کیا ہے اور نمبر 1 مقام پر قابض ہو گئی ہے۔ دوسرے مقام پر ’پٹھان‘ ہے جس نے 118.61 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ ’باہوبلی 2‘ تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور چوتھے نمبر پر سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ (78.85 کروڑ روپے) ہے۔ پانچواں مقام عامر خان کی فلم ’دنگل‘ (73.52 کروڑ روپے) کو حاصل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔