’راموجی راؤ فلم سٹی‘ کے بانی رامو جی راؤ کا 87 سال کی عمر میں انتقال، دنیائے تفریح میں غم کی لہر

راموجی راؤ کو ہائی بلڈ پریشر اور سانس کی تکلیف کے بعد 5 جون کو حیدر آباد کے نانکرامگوڈا واقع اسٹار ہاسپیٹل میں داخل کرایا گیا تھا، ڈاکٹروں نے ان کی بگڑتی صحت پر قابو پانے کی کوشش کی، لیکن ناکامی ملی۔

<div class="paragraphs"><p>راموجی راؤ کی فائل تصویر، سوشل میڈیا</p></div>

راموجی راؤ کی فائل تصویر، سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ایناڈو اور راموجی راؤ فلم سٹی کے بانی راموجی راؤ کا آج صبح تلنگانہ کے حیدر آباد میں انتقال ہو گیا۔ مشہور میڈیا شخصیت اور دنیائے تفریح کے معروف نام راموجی راؤ کا حیدر آباد کے اسٹار ہاسپیٹل میں علاج کے دوران انتقال ہوا۔ انھوں نے 87 سال کی عمر میں ہفتہ کی صبح 3.45 بجے آخری سانس لی۔ راموجی راؤ کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی دنیائے تفریح، خصوصاً ساؤتھ انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ راموجی راؤ کو ہائی بلڈ پریشر اور سانس پھولنے کی تکلیف کے بعد 5 جون کو حیدر آباد کے نانکرامگوڈا واقع اسٹار ہاسپیٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے راموجی کو بچانے کی بہت کوشش کی، ان کے دل میں اسٹینٹ لگایا گیا تھا اور انھیں آئی سی یو میں ونٹیلیٹر پر بھی رکھا گیا تھا، لیکن ان کی حالت بگڑتی چلی گئی۔ آج علی الصبح انھوں نے اس دنیا کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ دیا۔


واضح رہے کہ راموجی راؤ نے کچھ سال قبل کولن کینسر سے کامیاب جنگ لڑی تھی۔ وہ طویل مدت سے پرانی بیماریوں اور عمر سے متعلق ہیلتھ ایشوز میں مبتلا تھے۔ جہاں تک راموجی راؤ کی زندگی کا سوال ہے، وہ ایک معمولی شروعات سے بے پناہ کامیابی تک سفر کرنے والی شخصیت رہے۔ ان کی پیدائش 16 نومبر 1936 کو آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع واقع پیڈاپاروپوڈی گاؤں میں ایک کسان کنبہ میں ہوا تھا۔ انھوں نے دنیا کا سب سے بڑا تھیم پارک اور فلم اسٹوڈیو ’راموجی فلم سٹی‘ بنایا تھا۔ ان کے بزنس امپائر میں مارگادارسی چٹ فنڈ، ایناڈو نیوزپیپر، ای ٹی وی نیٹورک، رامادیوی پبلک اسکول، پریا فوڈس، کلنجلی، اوشاکرن موویز، میوری فلم ڈسٹریبیوٹرس اور ڈالفن گروپ آف ہوٹلز شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔