ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل: ایشان کشن کے لیے خوشخبری، کے ایل راہل کی جگہ ہندوستانی ٹیم میں شامل

ہندوستانی ٹیم: روہت شرما، شبھمن گل، چیتیشور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، ایشان کشن، کے ایس بھرت، آر اشون، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، شاردل ٹھاکر، محمد سمیع، محمد سراج، امیش یادو، جئے دیو انادکٹ۔

ایشان کشن، تصویر آئی اے این ایس
ایشان کشن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے سینئر بلے باز کے ایل راہل ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل سے چوٹ کے سبب باہر ہو چکے ہیں۔ ان کی جگہ پر ہندوستانی سلیکٹرس نے وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اسٹینڈ بائے کھلاڑی کے طور پر ریتوراج گائیکواڈ، مکیش کمار اور سوریہ کمار یادو کو رکھا گیا۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم کئی اہم کھلاڑیوں کی چوٹ سے پریشان ہے جس میں تیز گیندباز جئے دیو انادکٹ اور امیش یادو بھی شامل ہو گئے ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی چوٹ پر بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نظر رکھ رہی ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم 7 جون سے 11 جون تک ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا سے مقابلہ کرے گی۔ یہ میچ انگلینڈ کے ’دی اوول‘ میدان میں کھیلا جائے گا۔ چونکہ ہندوستانی ٹیم میں صرف ایک وکٹ کیپر کے ایس بھرت کو شامل کیا گیا تھا، اور وقت پڑنے پر کے ایل راہل سے وکٹ کیپنگ کرائے جانے کا متبادل موجود تھا، اس لیے راہل کے ٹیم سے باہر ہونے پر اسپیشلسٹ وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انھیں آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی گزشتہ سیریز میں بھی ہندوستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن وہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن پائے تھے۔


بہرحال، ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل میچ کے لیے اب 15 رکنی ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، چیتیشور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، شاردل ٹھاکر، محمد سمیع، محمد سراج، امیش یادو، جئے دیو انادکٹ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔