خاتون ایشیا کپ: ہندوستان نے تھائی لینڈ کو محض 37 رن پر سمیٹا، پھر 6 اوور میں حاصل کر لی جیت
ہندوستان کی طرف سے رانا نے سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے، دیپتی شرما اور راجیشوری گائیکواڈ کو 2-2 وکٹ حاصل ہوئے، ایک وکٹ میگھنا سنگھ کو ملا جب کہ 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
خواتین کے ایشیا کپ میں ہندوستان بھلے ہی پاکستان سے گزشتہ دنوں شکست کھا گئی، لیکن بقیہ ٹیموں کے خلاف اس کا بہترین مظاہرہ لگاتار جاری ہے۔ آج ایشیا کپ کے انیسویں میچ میں ہندوستان نے تھائی لینڈ کو 9 وکٹ سے شکست فاش دے دی۔ ایشیا کپ میں یہ ہندوستانی خواتین ٹیم کی چھ میچوں میں پانچویں جیت ہے۔ ہندوستان کی طرف سے اس میچ میں گیندبازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تھائی لینڈ کی پوری ٹیم کو محض 37 رنوں پر سمیٹ دیا۔ یہ ٹی-20 فارمیٹ میں تھائی لینڈ کا سب سے کم اسکور ہے۔
تھائی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کے سامنے محض 38 رن کا ہدف رکھا تھا۔ اس ہدف کو ہندوستانی ٹیم نے محض چھ اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔ ہندوستان کی طرف سے میگھنا نے 20 اور پوجا وستراکر نے 12 رن بنائے۔ آؤٹ ہونے والی بلے باز شیفالی ورما رہیں جنھوں نے 8 رن کا تعاون پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کمان سلامت تو تیر ہزار!... اعظم شہاب
ہندوستان کی طرف سے ہوئی گیندبازی کی بات کی جائے تو سنیہا رانا نے 4 اوور میں 9 رن دے کر سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے۔ دیپتی شرما (4 اوور میں 10 رن) اور راجیشوری گائیکواڈ (3 اوور میں 8 رن) کو 2-2 وکٹ حاصل ہوئے، ایک وکٹ میگھنا سنگھ (2.1 اوور میں 6 رن) کو ملا جبکہ 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ پوجا وستراکر نے 2 اوور میں 4 رن دیئے، لیکن انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔