تیسرا ٹیسٹ: ٹیم انڈیا کے خلاف ’کنگاروؤں‘ کی مستحکم شروعات، پہلے دن آسٹریلیا کا اسکور 166/2
پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک لابوشین 67 رن بنا کر جبکہ اسٹیون اسمتھ 64 گیندوں میں پانچ شاندار چوکوں کی مدد سے 31 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
سڈنی: مارنس لابوشین (ناٹ آؤٹ 67) اور ڈیبیو میچ کھلینے والے وِل پُکوسکی (62) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف بارش سے متاثرہ تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن جمعرات کو پہلی پاری میں دن کا کھیل ختم ہونے تک 55 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر 166 رن بنا لیے ہیں۔
ہندوستان کی جانب سے محمد سراج اور ٹیسٹ میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے نودیپ سینی نے ایک ایک وکٹ لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے لابوشین نے 149 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 67 رن بنا کر جبکہ اسٹیون اسمتھ 64 گیندوں میں پانچ شاندار چوکوں کی مدد سے 31 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
قبل ازیں آسٹریلیا کے کپتان ٹِم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن محمد سراج نے پاری کے چوتھے اوور کی تیسری گیند پر اوپنر ڈیوڈ وارنر کو سلپ میں چیتیشور پجارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر کے چھ رن کے اسکور پر میزبان ٹیم کو پہلا جھٹکا دیا۔ وارنر آٹھ گیندوں میں پانچ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بعد ازاں تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے لابوشین نے پُکووسکی کا بخوبی ساتھ دیا اور دونوں نے دھیرے دھیرے کھیلتے ہوئے پاری کو سنبھالتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ اس درمیان رک رک کر ہونے والی بارش کے سبب کھیل کئی بار روکنا پڑا اور پہلے دن محض 55 اوور کا ہی کھیل ہو سکا۔
پُکووسکی اور لابوشین نے دوسرے وکٹ کے لیے 100 رن کی شاندار شراکت داری کی۔ ہندوستان کی جانب سے کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے تیز گیند باز نودیپ سینی نے پُکووسکی کو پگبادھا آؤٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔ پُکووسکی نے 110 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکوں کی مدد سے 62 رن بنائے۔
پُکووسکی کو پاری میں دو بار موقع ملا۔ پہلی بار 26 رن کے نجی اسکور پر پُکووسکی کا اشون کی گیند پر وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایک بہت ہی آسان سا کیچ چھوڑ دیا جبکہ دوسری بار 32 رن پر سراج کی گیند پر رشبھ پنت نے ہی پُکووسکی کو پویلین بھیجنے کا مزید ایک موقع گنوا دیا جو کہ مہمان ٹیم کو بھاری پڑا۔پُکووسکی کے آؤٹ ہونے کے بعد چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے نامور بلے باز اسٹیون اسمتھ شاندار فارم میں نظر آئے اور انہوں نے آتے ہی تابڑتوڑ چوکے لگانے شروع کر دیے۔ لابوشین اور اسمتھ نے مل کر آسٹریلیائی ٹیم کے اسکور کو 150 کے پار پہنچایا۔ اس درمیان لابوشین نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔ دونوں بلے بازوں کے مابین 60 رن کی شراکت داری ہو چکی ہے۔
ہندوستان کی جانب سے کوئی بھی گیندباز آسٹریلیائی گیندبازوں کو کچھ خاص پریشان نہ کر سکا۔ بمراہ نے 14 اوور میں تین میڈن اوور پھینکے لیکن انھیں وکٹ نہیں ملا۔ سراج نے 14 اوور میں 46 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ اشون نے 17 اوور گیندبازی کی لیکن انھیں بھی کوئی کامیابی ہاتھ نہیں آئی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے نودیپ سینی نے سات اوور میں 32 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ اسمتھ اور لابوشین میزبان ٹیم کی پاری کو سنبھالے ہوئے ہیں اور ٹیم کو ایک مضبوط اسکور کی جانب لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر ہندوستان کو آسٹریلیا کو ایک مضبوط اسکور بنانے سے روکنا ہے تو دوسرے دن ہندوستانی گیندبازوں کو کچھ کمال کرنا ہوگا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک لابوشین 67 رن بنا کر جبکہ اسٹیون اسمتھ 64 گیندوں میں پانچ شاندار چوکوں کی مدد سے 31 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔