ہندوستان ٹی-20 عالمی کپ چمپئن بنا کیونکہ اس کے ساتھ ملک بھر کی دعائیں اور اپنوں کی محبت تھی: محمد سمیع

محمد سمیع نے کہا کہ 13 سالہ انتظار کے بعد ٹیم نے عالمی کپ کا کوئی خطاب اپنے نام کیا ہے، یہ سب ملک کی دعاؤں اور ٹیم کی محنت سے ہوا ہے۔

محمد سمیع، تصویر آئی اے این ایس
محمد سمیع، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان جب سے آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ چمپئن بنا ہے، تب سے ملک بھر میں خوشی کا ماحول ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹر اور تیز گیندباز محمد سمیع نے اسے ایک سحر انگیز لمحہ بتایا ہے۔ انھوں نے ہندوستانی ٹیم اور ملکی باشندوں کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 13 سالہ انتظار کے بعد ہندوستانی ٹیم نے عالمی کپ کا کوئی خطاب اپنے نام کیا۔ یہ سب ملک کی دعاؤں اور ٹیم کی محنت سے ہوا ہے۔

محمد سمیع نے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب لگا کہ ہندوستانی ٹیم کے ہاتھ سے ٹرافی پھسل جائے گی، لیکن آخر میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے میچ میں واپسی کی اور ٹی-20 چمپئن بن گئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ایک کھلاڑی کے لیے بہت جذباتی لمحہ ہوتا ہے۔ روہت شرما، وراٹ کوہلی اور رویندر جڈیجہ نے ٹی-20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، ان سبھی کھلاڑیوں نے کرکٹ اور ملک کے لیے بڑا تعاون دیا ہے۔


محمد سمیع نے وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے عالمی چمپئن بننے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دی۔ سمیع نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی انتخاب کے وقت امروہہ آئے تھے۔ انھوں نے میرا نام لیا، یہ میرے اور میرے گاؤں کے لیے بڑی بات ہے۔‘‘ دراصل محمد سمیع امروہہ کے گاؤں سہس پور علی نگر کے باشندہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔