ٹیم انڈیا کی وطن واپسی تاخیر کا شکار، مشکلات میں اضافہ کر رہا گردابی طوفان

بارباڈوس سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی واپسی ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔ ٹیم انڈیا کو آج یعنی بدھ کی شام تک دہلی پہنچنا تھا لیکن اب شاید یہ ممکن نہ ہو سکے

<div class="paragraphs"><p>ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم انڈیا / آئی اے این ایس</p></div>

ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم انڈیا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقی ٹیم کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم ابھی تک بارباڈوس میں پھنسی ہوئی ہے۔ فائنل میچ 29 جون بروز ہفتہ کھیلا گیا تھا، جس کے بعد وہاں گردابی طوفان پہنچ گیا اور ٹیم انڈیا کو بارباڈوس میں ہی رکنا پڑا۔ طوفان کے باعث بارباڈوس کا ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا اور وہاں کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ ٹیم انڈیا کو منگل کے روز وہاں سے روانہ ہونا تھا لیکن اس میں تاخیر ہوئی۔

ایک دن پہلے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بی سی سی آئی نے ٹیم انڈیا کے لیے ایک خصوصی پرواز کا انتظام کیا ہے اور کھلاڑیوں کو منگل کو روانہ ہو کر بدھ کی شام تک دہلی پہنچنا ہے۔ تاہم اب اس میں مزید تاخیر ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

اسپورٹس صحافی ومل کمار نے ایکس کے ذریعے بتایا کہ ٹیم انڈیا کو اب تک دہلی کے لیے چارٹرڈ فلائٹ میں سوار ہو جانا چاہیے تھا لیکن اس میں مزید تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شاید ورلڈ کپ جیتنا گھر جانے سے زیادہ آسان تھا۔ تاہم اب تک بی سی سی آئی کی جانب سے ٹیم انڈیا کے حوالے سے کوئی آفیشل اپ ڈیٹ نہیں آیا ہے۔


خیال رہے کہ روہت شرما کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم 2023 میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ہار گئی تھی۔ ہندوستان کی اس شکست سے کروڑوں شائقین کے دل ٹوٹ گئے تھے۔ پھر 2024 کا ٹی-20 ورلڈ کپ جیت کر روہت بریگیڈ نے اس کی مکمل تلافی کی اور شائقین کو خوش ہونے کا موقع دیا۔ یہ ٹیم انڈیا کا 17 سال بعد دوسرا ٹی-20 ورلڈ کپ تھا۔ اس سے قبل ٹیم انڈیا نے 2007 میں ٹی-20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔