ٹی-20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے یکطرفہ مقابلہ میں امریکہ کو 9 وکٹوں سے دی شکست
آئی سی سی ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلہ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے امریکہ کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹوں کے بڑے فرق سے شکست دے دی
بارباڈوس: آئی سی سی ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلہ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے امریکہ کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹوں کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ امریکہ کے خلاف اس بڑی جیت کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں زندہ ہیں، جبکہ یو ایس اے ٹیم کی امیدوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ انہیں 'سپر 8' میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ٹی-20 ورلڈ کپ اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر امریکہ کو پہلے بلے ازی کی دعوت دی اور اسے 19.5 اوور میں محض 128 رنوں پر آل آؤٹ کر دیا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے محض 10.5 اوور میں ہی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 130 رن بنا ڈالے۔
امریکہ کی جانب سے دئے گئے 129 رن کا ہدف میزبان ملک ویسٹ انڈیز نے 10.5 اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے شائی ہوپ زبردست فارم میں نظر آئے۔ جنہوں نے صرف 39 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تقریباً 210 کے اسٹرائیک ریٹ سے 82 رن کی ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔ اس دوران ان کے بلے سے 4 چوکے اور 8 شاندار چھکے لگے۔
ہوپ کے علاوہ کیریبین ٹیم کی جانب سے تیسری پوزیشن پر بیٹنگ کرنے والے نکولس پورن نے 12 گیندوں پر 27 ناقابل شکست رن بنائے۔ اس دوران انہوں نے ایک چوکا اور 3 چھکے لگائے۔ ان دو بلے بازوں کے علاوہ جانسن چارلس نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔
ہدف کا دفاع کرتے ہوئے آج امریکہ کی طرف سے واحد کامیاب گیند باز ہرمیت سنگھ تھے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے 2 اوور کرائے اور 18 رن خرچ کر کے ایک کامیابی حاصل کی۔
قبل ازیں، امریکہ نے بیٹنگ شروع ہی کی تھی کہ اس کی ٹیم کا پہلا کھلاڑی 2 رن بنا کر پویلین لوٹ گیا، سٹیون ٹیلر کے بعد آنے والے نتیش کمار نے انڈریس گوس کے ساتھ ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور 51 تک پہنچایا اور دونوں نے بالترتیب 20 اور 29 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ملند کمار 19، شیڈلے وین 18، کپتان آرون جونز 11، کورے اینڈرسن 7 رنز ہی بنا پائے جبکہ علی خان 14 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح امریکی ٹیم 128 رن ہی بنا سکی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل اور روسٹن چیز نے 3-3، الزاری جوزف نے 2 جبکہ گڈکیش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔