ٹی-20 عالمی کپ 2024: پانچ دنوں میں ہندوستانی ٹیم کو کھیلنے ہیں 3 میچ، سیمی فائنل کی راہ نہیں آسان

ہندوستان کو سپر-8 میں آسانی سے جگہ مل گئی، لیکن سیمی فائنل کی راہ آسان نہیں، اس کا مقابلہ سپر-8 میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے علاوہ افغانستان-بنگلہ دیش سے ہے جنھوں نے لیگ راؤنڈ میں حیران کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی کرکٹ ٹیم، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

ہندوستانی کرکٹ ٹیم، تصویر@BCCI

user

قومی آواز بیورو

ٹی-20 عالمی کپ 2024 کا لیگ راؤنڈ اپنے آخری مرحلہ میں ہے۔ 18 جون کو لیگ راؤنڈ کا آخری میچ ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا، اور پھر 19 جون سے سپر-8 کے میچ شروع ہو جائیں گے۔ حالانکہ جو بھی لیگ راؤنڈ کے میچ بچے ہیں، اس کا سپر-8 پر کوئی اثر نہیں ہوگا، کیونکہ سپر-8 کی سبھی ٹیمیں فائنل ہو چکی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم سپر-8 کے ’گروپ اے‘ میں ہے اور غور کرنے والی بات یہ ہے کہ روہت بریگیڈ کو 5 دنوں میں ہی 3 میچ کھیلنے ہیں اور یہ میچ آسان نہیں ہونے والے۔

دراصل سپر-8 اسٹیج میں سبھی ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے ساتھ گروپ اے میں آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ہیں۔ ’گروپ بی‘ میں امریکہ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیم ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو ہندوستان نے سپر-8 میں بھلے ہی آسانی سے جگہ بنا لی، لیکن سیمی فائنل کی راہ آسان نہیں ہونے والی ہے۔ اسے آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے علاوہ افغانستان اور بنگلہ دیش سے کھیلنا ہے جنھوں نے لیگ راؤنڈ میں سبھی کو حیران کیا ہے۔ اگر ہندوستان ان تینوں میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے تو پھر وہ خطاب کے مزید ایک قدم قریب آ جائے گی۔


ہندوستانی وقت کے مطابق بات کریں تو سپر-8 اسٹیج کا آغاز 19 جون سے ہو رہا ہے۔ اس دن امریکہ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سپر-8 کا پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا جو 8 بجے رات میں شروع ہوگا۔ 20 جون کو دو مقابلے کھیلے جائیں گے۔ پہلا مقابلہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا جو ہندوستانی وقت کے مطابق علی الصبح 6 بجے شروع ہوگا۔ سپر-8 میں ہندوستان کا پہلا میچ 20 جون کو ہے جہاں روہت بریگیڈ کا افغانستان سے مقابلہ ہوگا۔ یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔ ہندوستان کے دیگر مقابلوں کی بات کی جائے تو سپر-8 میں دوسرا مقابلہ ہندوستان کو 22 جون کو بنگلہ دیش کے خلاف اور تیسرا مقابلہ 24 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ہے۔ یعنی 5 دنوں کے اندر ہندوستان کو اپنے تینوں مقابلے کھیلنے ہیں اور انہی 5 دنوں میں طے ہو جائے گا سیمی فائنل روہت بریگیڈ پہنچتی ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ سپر-8 کے دونوں گروپوں سے دو سرفہرست ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنل میں گروپ اے کی نمبر 1 ٹیم کا مقابلہ گروپ بی کی نمبر 2 ٹیم سے اور گروپ اے کی نمبر 2 ٹیم کا مقابلہ گروپ بی کی نمبر 1 ٹیم سے ہوگا۔ دونوں سیمی فائنل میں فتحیاب ہونے والی ٹیمیں 27 جون کو سیمی فائنل میں ٹکرائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔