ٹی-20 عالمی کپ: انگلینڈ سے ’لگان‘ وصول کرنے گیانا پہنچی ہندوستانی ٹیم، کل دوسرے سیمی فائنل میں زبردست مقابلے کی امید
ہندوستانی ٹیم اس بار ٹی-20 عالمی کپ جیت کر 17 سالوں کی خشک سالی دور کرنا چاہے گی، ہندوستان نے پہلی اور آخری بار 2007 میں ٹی-20 عالمی کپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔
ٹی-20 عالمی کپ 2024 اپنے آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ پہلا سیمی فائنل میچ ہندوستانی وقت کے مطابق کل (27 جون) صبح 6 بجے افغانستان و جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا، اور دوسرا سیمی فائنل بھی ہندوستانی وقت کے مطابق کل ہی 8 بجے شب ہندوستان و انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یوں تو چاروں ہی ٹیموں کے لیے ٹی-20 عالمی کپ 2024 انتہائی اہم ہے اور وہ انھیں جیتنے کی کوشش کریں گی، لیکن ہندوستان کے لیے 17 سال کی خشک سالی ختم کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان کا مقابلہ انگلینڈ سے ہے اور ہندوستانی ٹیم اس بار ’لگان‘ وصول کرنے کا ارادہ کر کے میدان پر اترے گی۔ اس کے لیے ہندوستانی ٹیم گیانا پہنچ بھی گئی ہے جس کی ویڈیو بی سی سی آئی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی ہے۔
بی سی سی آئی کے ذریعہ ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی کرکٹ شیدائیوں کو آٹوگراف دے رہے ہیں۔ اس کے بعد سبھی کھلاڑی ٹیم بس سے ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوتے ہیں۔ ویڈیو میں تجربہ کار اسپن گیندباز یجویندر چہل کہتے دکھائی دے رہی ہیں کہ ’’ہم گیانا جا رہے ہیں۔‘‘ ایئرپورٹ سے ٹیم گیانا کے لیے پرواز بھرتی ہے۔ پھر فلائٹ میں ہندوستانی ٹیم اور معاون اسٹاف کے علاوہ دنیش کارتک اور ہرشا بھوگلے بھی نظر آ رہے ہیں۔ جب سبھی گیانا پہنچتے ہیں تو ہندوستانی کھلاڑیوں کا ڈھول نگاڑوں کے ساتھ استقبال کیا جاتا ہے۔ گیانا ایئرپورٹ پر کچھ ہندوستانی شیدائی ترنگا پرچم لہراتے ہوئے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
بہرحال، روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم اس بار بہت مضبوط دکھائی دے رہی ہے اور اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل تسخیر ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلی اور آخری بار 2007 میں ٹی-20 عالمی کپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا، اس لیے طویل انتظار کو ختم کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ 2007 میں ٹی-20 عالمی کپ کا پہلا ایڈیشن کھیلا گیا تھا جب مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی والی ٹیم نے فائنل مقابلہ میں پاکستان کو 5 رنوں سے شکست دی تھی۔ روہت شرما اس ٹیم کا حصہ تھے، اور اس بار وہ اپنی کپتانی میں یہ ٹرافی جیتنا چاہیں گے۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک ٹی-20 عالمی کپ میں ہوئے مقابلوں کی بات کریں تو 4 مرتبہ ان دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا ہے۔ ان میچوں میں دونوں ہی ٹیموں کو 2-2 میچوں میں جیت حاصل ہوئی ہے۔ یعنی اس بار جیتنے والی ٹیم حریف پر سبقت حاصل کر لے گی۔ ٹی-20 عالمی کپ 2007 اور ٹی-20 عالمی کپ 2012 میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ پر جیت درج کی تھی، جبکہ ٹی-20 عالمی کپ 2009 اور ٹی-20 عالمی کپ 2022 میں انگلش ٹیم کو کامیابی ملی تھی۔ ٹی-20 انٹرنیشنل کی بات کریں تو دونوں ٹیمیں اب تک 23 بار آمنے سامنے ہوئی ہیں جس میں ہندوستانی ٹیم کو 12 اور انگلینڈ کو 11 میچوں میں کامیابی ملی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔