ٹی-20 عالمی کپ: چمپئن ہندوستانی ٹیم کو بی سی سی آئی نے دیا تھا 125 کروڑ روپے کا تحفہ، جانیں کسے ملے گی کتنی رقم
بی سی سی آئی کی طرف سے دیے گئے 125 کروڑ روپے میں سب سے زیادہ 5-5 کروڑ روپے ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ اور 15 رکنی روہت بریگیڈ میں شامل ہر ایک رکن کو ملے گا۔
ہندوستانی ٹیم جب سے ٹی-20 عالمی چمپئن بنی ہے، پورا ملک جشن میں ڈوبا ہوا ہے۔ بی سی سی آئی نے تو ہندوستانی ٹیم کو 125 کروڑ روپے کی اعلانیہ رقم بھی دے دی ہے، اور اب کھلاڑیوں کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے کیونکہ انھیں عالمی چمپئن بننے پر بڑی رقم ہاتھوں میں ملنے والی ہے۔ کئی لوگ یہ جاننے کے لیے بے قرار ہیں کہ آخر 125 کروڑ روپے میں سے کس کھلاڑی کو کتنی رقم ملے گی۔ اس سلسلے میں جانکاری یہ سامنے آئی ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ اور روہت بریگیڈ (15 رکنی ہندوستانی اسکواڈ) کے سبھی رکن کو 5-5 کروڑ روپے ملیں گے۔ یعنی راہل دراوڑ اور روہت شرما کے علاوہ نائب کپتان ہاردک پانڈیا، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت، رویندر جڈیجہ، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ، عرشدیپ سنگھ، محمد سراج، یشسوی جیسوال، سنجو سیمسن اور یجویندر چہل مالا مال ہو گئے ہیں۔
جو رپورٹ سامنے آئی ہے، اس کے مطابق ریزرو کھلاڑیوں رنکو سنگھ، خلیل احمد، شبھمن گل اور اویس خان کو 1-1 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔ اجیت اگرکر (چیف سلیکٹر) اور دیگر سلیکٹرس (شیو سندر داس، سبرتو بنرجی، سلل انکولا، شری دھرن شرت) کو بھی 1-1 کروڑ روپے ملیں گے۔ فیلڈنگ کوچ وکرم راٹھوڑ و ٹی دلیپ اور بالنگ کوچ پارس مہامبرے کو 2.5-2.5 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ ہوا ہے، جبکہ فیزیو کملیش جین، فیزیو یوگیش پرمار، فیزیو تلسی رام یووراج، تھرو ڈاؤن اسپیشلسٹ راگھویندر دَوگی، نووان ادینکے و دیانند گرانی، مساج اسپیشلسٹ راجیو کمار و ارون کناڈے اور اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ سوہم دیسائی کو 2-2 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
125 کروڑ روپے میں تقسیم مذکورہ بالا تقسیم کے بعد 10.5 کروڑ روپے بچ جائیں گے۔ اس رقم کو ٹیم کے ساتھ سفر کرنے والے بی سی سی آئی اسٹاف ممبرس (جن میں میڈیا افسران بھی شامل ہیں) اور ٹیم کے لاجسٹکس منیجرس کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے ’انڈین ایکسپریس‘ سے کہا کہ ’’کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو بی سی سی آئی سے ملنے والی انعامی رقم کے بارے میں بتا دیا گیا ہے اور ہم نے سبھی سے بل جمع کرنے کو کہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔