دوسرا ٹیسٹ: بنگلہ دیش نے ہندوستان کو جیت کے لئے دیا 145 رن کا ہدف، ہندوستان نے 45 رن پر کھوئے 4 وکٹ

ہندوستان نے تیسرے دن 70 رنوں پر بنگلہ دیش کے 4 وکٹ گرا دیئے، ذاکر نصف سنچری بنانے کے بعد اومیش (32/1) کا شکار ہوئے۔ تاہم ہندوستان کی دوسری اننگ کا آغاز بہتر نہیں رہا اور اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے

تصویر ٹوئٹر / @BCCI
تصویر ٹوئٹر / @BCCI
user

قومی آواز بیورو

ڈھاکہ: سلامی بلے باز ذاکر حسن (51) اور لٹن داس (73) کی جدوجہد سے پُر نصف سنچریوں کی مدد سے بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو ہندوستان کے سامنے 145 رنوں کا ہدف رکھا۔ تاہم، ہندوستان کی دوسری اننگ کی شروعات کافی خراب رہی اور اس نے 45 رن پر اپنے 4 کھلاڑی کھو دئے ہیں۔

ٹیم انڈیا کی جانب سے دوسری اننگ کی شرعات کرنے کے لئے شبھمن گل کے ساتھ پہنچے کپتان کے ایل راہل سب سے پہلے آؤٹ ہوئے۔ انہیں تیسرے اوور میں کپتان ثاقب الحسن نے دو رن کے نجی اسکور پر نور الحسن کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس کے بعد نئے آنے والے بلے چیتشور پجارا (6 رن اور سلامی بلے باز شبھمن گل (7 تن) کو مہدی حسن نے اپنا شکار بنایا۔ اس کے بعد ٹیم کے 37 کے اسکور پر وراٹ کوہلی بھی مہدی حسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ کوہلی نے محض ایک رن کا تعاون کیا۔ ہندوستان کو اب جیت کے لئے 100 رن درکار ہیں اور اکشر پٹیل 26 رن جبکہ جے دیو ادانکٹ 3 رن بنا کر نابعد ہیں۔


قبل ازیں، بنگلہ دیش کے بلے باز ذاکر نے 135 گیندوں کی اننگ میں پانچ چوکوں کی مدد سے 51 رن بنائے، جبکہ لٹن نے 98 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 73 رنوں کا تعاون دیا۔ ہندوستان نے تیسرے دن اچھی شروعات کی اور بنگلہ دیش کے 70 رنوں پرچار وکٹ گرا دیئے۔ ذاکر اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد اومیش یادو (32/1) کا شکار ہوگئے، جبکہ اکشر پٹیل (68/3) نے مہدی حسن میراز کو صفر پر آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کے چھ وکٹ 113 رن پر گرنے کے بعد وکٹ کیپر نورالحسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 31 رن بنائے۔ لٹن اور نورالحسن نے ساتویں وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ نورالحسن کا وکٹ گرنے کے بعد لٹن اور تسکین احمد نے بھی آٹھویں وکٹ کے لیے 60 رنز جوڑے۔ ان دونوں شراکتوں کی مدد سے بنگلہ دیش نے 231 رن بناکر ہندوستان کے سامنے 145 رنوں کا ہدف رکھا۔ تسکین 46 گیندوں پر 31 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے محمد سراج اور روی چندرن اشون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جے دیو انادکٹ کو ایک وکٹ ملی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔