ہندوستان کا سری لنکا دورہ 26 جولائی سے شروع ہوگا، یکم اگست سے کھیلی جائے گی ون ڈے سیریز
دورہ سری لنکا کا آغاز ٹی-20 سیریز سے ہوگا جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز یکم اگست سے ہوگا۔ ہندوستان کو سری لنکا کے دورے پر 3 ٹی-20 ور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے
نئی دہلی: ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان رواں ماہ کے آخر میں ہونے والی ٹی-20 اور ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دورہ سری لنکا کا آغاز ٹی-20 سیریز سے ہوگا جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز یکم اگست سے ہوگا۔ ہندوستان کو سری لنکا کے دورے پر 3 ٹی-20 ور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔
ہندوستان سری لنکا کے خلاف 26 اور 27 جولائی کو لگاتار دو دن ٹی-20 میچ کھیلے گا جبکہ اس سیریز کا آخری میچ 29 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کا پہلا میچ یکم اگست کو ہوگا جبکہ دیگر دو میچز 4 اور 7 اگست کو کھیلے جائیں گے۔ ٹی-20 سیریز کے تینوں میچ پالے کیلے میں کھیلے جائیں گے اور تینوں ون ڈے میچز کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔
گوتم گمبھیر کا بطور ہندوستانی کوچ یہ پہلا دورہ ہوگا۔ منگل کی شام ہندوستانی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے گمبھیر کے نام کا اعلان کیا گیا تھا۔ راہل ڈریوڈ کی میعاد ختم ہونے کے بعد سے ہی گمبھیر کا نام اگلے ہیڈ کوچ کی دوڑ میں سب سے آگے تھا۔ گمبھیر کو بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کا تجربہ نہیں ہے، لیکن آئی پی ایل میں ان کی رہنمائی کے تحت، لکھنؤ سپر جائنٹس نے لگاتار دو بار سیمی فائنل میں داخلہ لیا جبکہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے گزشتہ سیزن میں اپنی آئی پی ایل کی تاریخ میں تیسری ٹرافی جیتی۔
ہندوستان نے اس سے قبل جولائی 2021 میں محدود اوورز کی سیریز کے لیے سری لنکا کا دورہ کیا تھا۔ شیکھر دھون اس دورے پر ہندوستانی ٹیم کے کپتان تھے جبکہ راہل ڈریوڈ کارگزار کوچ کے طور پر اس دورے پر گئے تھے۔
ٹی-20 ورلڈ کپ کے بعد ہندوستانی ٹیم کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ فی الحال، ٹیم انڈیا زمبابوے میں پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز کھیل رہی ہے۔ سری لنکا کی ٹیم ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 میں لیگ مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔ فی الحال اس کے کھلاڑی لنکا پریمیئر لیگ میں ہاتھ آزما رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔