چمپئنز ٹرافی 2025: یکم مارچ کو ہوگا ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ، بی سی سی آئی کی منظوری کا انتظار

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہند-پاک میچ کی تاریخ یکم مارچ 2025 طے کی ہے، امید کی جا رہی ہے کہ یہ میچ لاہور میں کھیلا جائے گا، لیکن بی سی سی آئی کی طرف سے منظوری ملنا باقی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی</p></div>

ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی

user

قومی آوازبیورو

ٹی-20 عالمی کپ 2024 پر قبضہ جما چکی ہندوستانی ٹیم جمعرات کی علی الصبح وطن واپس آ جائے گی اور پھر جشن کا ایک دراز سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ لیکن اس درمیان چمپئنز ٹرافی 2025 سے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس ٹورنامنٹ سے متعلق تاریخوں کا مسودہ پیش کر دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پی سی بی نے چمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی میچ کے لیے یکم مارچ 2025 کی تاریخ طے کی ہے۔ آئی سی سی بورڈ کے ایک سینئر رکن کے حوالے سے یہ جانکاری دی جا رہی ہے، اور یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ یہ میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔ حالانکہ بی سی سی آئی نے ابھی تک اس سلسلے میں منظوری نہیں دی ہے۔ ابھی تو یہ بھی طے نہیں ہو پایا ہے کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان جائے گی یا نہیں، لیکن پی سی بی نے اپنی طرف سے مکمل مسودہ ذمہ داران کے سامنے رکھ دیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ چمپئنز ٹرافی 19 فروری 2025 سے شروع ہوگا جو 9 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ 10 مارچ کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاکہ 9 مارچ کو فائنل میں کسی طرح کا خلل پیدا ہوا تو اگلے دن مقابلہ کرایا جا سکے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان کو گروپ ’اے‘ میں پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا جائے گا۔ گروپ ’بی‘ میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں ہوں گی۔

آئی سی سی بورڈ کے رکن نے پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ پی سی بی نے 15 میچوں کی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کا ڈرافٹ جمع کر دیا ہے۔ اس مسودہ کے مطابق لاہور میں 7، کراچی میں 3 اور راولپنڈی میں 5 میچ ہوں گے۔ سیکورٹی اور دیگر وجوہات کو سامنے رکھتے ہوئے ہندوستان کے سبھی میچوں کو لاہور میں رکھا گیا ہے۔ حالانکہ سیمی فائنل میچ کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے، یعنی ہندوستان کو لیگ راؤنڈ کے بعد لاہور سے دوسرے شہر میں سفر کرنا پڑے گا۔ فائنل چونکہ لاہور میں ہوگا، اس لیے یہاں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔


اب سبھی کی نظریں بی سی سی آئی پر ہے جسے فیصلہ لینا ہے کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، یا ایشیا کپ 2023 کی طرح اپنے میچ کسی دوسرے ملک میں کھیلے گی۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ آئی سی سی اپنی طرف سے کسی بھی بورڈ کو اپنی سرکاری پالیسی کے خلاف جانے کے لیے مجبور نہیں کر سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔