سرفراز خان کو کپتان روہت شرما کی نصیحت- ’یہاں ہیرو نہیں بننے کا، ہیلمٹ پہن لے!‘ دہلی پولیس نے ویڈیو کے ذریعے دیا پیغام
رانچی ٹیسٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں ہندوستانی کپتان روہت شرما اپنے ساتھی کھلاڑی سرفراز خان کو نصیحت کرتے نظر آ رہے ہیں
رانچی: ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ رانچی کے جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم کمپلیکس میں کھیلا جا رہا ہے۔ اسی مقابلے کے دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں ہندوستانی کپتان روہت شرما اپنے ساتھی کھلاڑی سرفراز خان کو نصیحت کرتے نظر آ رہے ہیں۔
درحقیقت، سلپ پوائنٹ پر فیلڈنگ کر رہے سرفراز خان نے ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا۔ اسی بات پر کپتان روہت شرما ناراض ہو جاتے ہیں اور سرفراز کو ہیلمٹ پہننے کی ہدایت کرتے ہوئے نصیحت دیتے ہیں، تاکہ وہ کسی قسم کی چوٹ سے محفوظ رہیں۔ یہ ویڈیو دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی پولیس نے ان لوگوں کو پیغام دینے کی کوشش کی ہے جو بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلاتے ہیں اور ہیرو بننے کی کوشش میں اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
دہلی پولیس نے ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا، ’’موٹرسائیکل پر ہیرو نہیں بننے کا، ہمیشہ ہیلمٹ پہننے کا!‘‘ اب یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین بھی اس پر تبصرے کر رہے ہیں۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روہت شرما، سرفراز سے کہتے ہیں، ’’اے بھائی! یہاں ہیرو نہیں بننے کا، ہیلمٹ پہن لے۔‘‘ کپتان روہت کی تنبیہ کے بعد سرفراز ہیلمٹ پہن کر فیلڈنگ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ’انڈیا‘ اتحاد کے بڑھتے قدم
خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف ملا ہے۔ ہندوستان نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر بغیر کوئی وکٹ کھوئے 40 رنز بنا لیے ہیں۔ اس سے قبل، انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 145 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ہندوستان کی طرف سے آر اشون نے 4 اور کلدیپ یادو نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز میں اب تک ہندوستانی ٹیم کو 2-1 سے برتری حاصل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔