بارڈر-گواسکر ٹرافی: آسٹریلیا کے 480 رنوں کا ہندوستان نے دیا منھ توڑ جواب، تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر اسکور 289/3
سلامی بلے باز شبھمن گل نے شاندار سنچری لگائی، انھوں نے 235 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 128 رن بنائے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے سے پہلے اپنی اننگ کے دوران 12 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
بارڈر-گواسکر ٹرافی کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں آج ہندوستانی بلے بازوں نے آسٹریلیائی گیندبازوں کو وکٹ کے لیے بری طرح ترسا کر رکھ دیا۔ پہلی اننگ میں آسٹریلیا نے 480 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا اور اس کے کھلاڑی امید کر رہے تھے کہ ہندوستانی بلے بازوں کو جلدی جلدی آؤٹ کر بیک فٹ پر دھکیلا جائے، لیکن ہندوستان نے منھ توڑ جواب دیتے ہوئے 289 رن بنا لیے ہیں اور اس کے محض 3 کھلاڑی ہی آؤٹ ہوئے ہیں۔
آج جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو وراٹ کوہلی 128 گیندوں پر 59 رن بنا کر اور رویندر جڈیجہ 54 گیندوں پر 16 رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگ کے مقابلے 191 رن پیچھے ضرور ہے، لیکن بہت مضبوط حالت میں دکھائی دے رہی ہے۔ آج پورے دن کی بات کی جائے تو ہندوستان کے صرف 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور کل کے اسکور 0/36 سے آگے کھیلتے ہوئے اسکور کو 289 رن تک پہنچا دیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ناتھن لیون، میتھیو کہنمین اور ٹاڈ مرفی کو 1-1 کامیابی ملی۔
ہندوستانی بلے بازی کی بات کی جائے تو سلامی بلے باز شبھمن گل نے شاندار سنچری لگائی۔ انھوں نے 235 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 128 رن بنائے اور ناتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اپنی اننگ کے دوران شبھمن گل نے 12 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ہندوستانی کپتان اور سلامی بلے باز روہت شرما بھی بہت اچھے ٹچ میں دکھائی دے رہے تھے لیکن 35 رنوں کے انفرادی اسکور پر کہنمین کی گیند کھیلتے ہوئے ایک آسان کیچ لابوشین کو دے بیٹھے۔ پہلے وکٹ کے لیے 74 رنوں کی شراکت داری ہوئی تھی۔ اس کے بعد چیتیشور پجارا نے 42 رنوں کا اہم تعاون پیش کیا اور اس کے لیے انھوں نے 121 گیندیں کھیلیں۔ دوسرے وکٹ کے لیے 113 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔
وراٹ کوہلی اور شبھمن گل کے درمیان بھی نصف سنچری کی شراکت داری ہوئی، اور پھر اس کے بعد کوئی وکٹ نہیں گرا۔ کوہلی اور رویندر جڈیجہ جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد پویلین واپس لوٹ رہے تھے تو ان کے چہرے پر اطمینان صاف دکھائی دے رہا تھا۔ اب دونوں کی ہی کوشش ہوگی کہ چوتھے دن ٹیم کو ایک بڑے اسکور کی طرف لے جائیں تاکہ آسٹریلیا کو جب دوسری اننگ میں بلے بازی کا موقع ملے تو ایک بڑی سبقت سامنے نظر آئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔