میں مہا گٹھ بندھن کا حصہ ہوں اس لئے لالو خاندان کے خلاف ہوئی چھاپہ ماری: نتیش کمار
نتیش کمار نے کہا کہ 2017 کے بعد سے پانچ سال تک کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا۔ اب ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ اس کی سادہ سی وجہ یہ ہے کہ میں مہا گٹھ بندھن کا حصہ ہوں۔
پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ہفتہ کو کہا کہ سابق مرکزی ریلوے کے وزیر لالو پرساد یادو اور ان کے ساتھیوں کے احاطے پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے ان کے ریاست میں مہا گٹھ بندھن (عظیم اتحاد) کا حصہ ہونے کا نتیجہ ہیں۔
نتیش کمار نے کہا کہ 2017 کے بعد سے پانچ سال تک کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا۔ اب ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ اس کی سادہ سی وجہ یہ ہے کہ میں مہا گٹھ بندھن کا حصہ ہوں۔ اس طرح کے چھاپے ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے اور ہماری حکومت بہار کو آسانی سے سنبھالتی رہے گی۔
مہا گٹھ بندھن میں دل بدل کے معاملہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نتیش کمار نے ایک بار پھر اسے افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہار میں مہا گٹھ بندھن کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فکر نہ کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔
ای ڈی نے جمعہ کو لالو پرساد، ان کے خاندان کے ارکان اور قریبی ساتھیوں کے دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام، ممبئی، رانچی اور کچھ دیگر مقامات پر واقع 15 ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے تیجسوی یادو اور ان کی بہنوں راگنی یادو، ہیما یادو اور چندا یادو کے گھروں سے 53 لاکھ روپے نقد، 1.5 کلو گرام سونے کے زیورات، 540 گرام سونے کے سکے اور 1900 ڈالر برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔