بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کے لئے فٹنس کے نئے معیار مقرر کیے

بی سی سی آئی نے اس کے علاوہ اپنے نظام میں ایک نئے فٹنس معیار کو منسلک کیا ہے۔ جو موجودہ وقت میں بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے فٹنس ٹیسٹ کا عام حصہ بن گیا ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @BCCI
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @BCCI
user

یو این آئی

نئی دہلی: انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی) نے ہندوستانی کھلاڑیوں کے فٹنس معیارات کو بڑھانے اور انہیں عالمی معیارات کے قریب لانے کی کوشش کے تحت ان کے یو-یو ٹیسٹ لیول کو 16:1 سے بڑھاکر 17:1 کر دیا ہے۔

بی سی سی آئی نے اس کے علاوہ اپنے نظام میں ایک نئے فٹنس معیار کو منسلک کیا ہے۔ جو موجودہ وقت میں بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے فٹنس ٹیسٹ کا عام حصہ بن گیا ہے۔ اس کے تحت کھلاڑیوں کو ٹائم ٹرائل کے تحت دوکلومیٹر تک دوڑلگانی ہوگی۔ بی سی سی آئی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے ساتھ مل کر بنائے ان دو نئے ٹیسٹ میں سے ایک کو پورا کرنا لازمی ہوگا۔ یویو ٹیسٹ کے تحت جہاں کھلاڑیوں کو آہستہ آہستہ رفتار بڑھاتے ہوئے 20 میٹر کا چکر لگانا ہوگا تو وہیں دوسرے ٹیسٹ میں تیز گیندبازوں کو 8.15 منٹ جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو 8.30 منٹ پر دوکلومیٹر دوڑ مکمل کرنی ہوگی۔


بی سی سی آئی نے حال ہی میں این سی اے کو فٹنس ٹیسٹ کے لئے 25 کھلاڑیوں کی فہرست بھیجی تھی۔ اس کے تحت آٹھ فروری کو شکھردھون، یجیندرچہل، سنجو سیمسن، سوریہ کمار یادو، مندیپ سنگھ، جئے دیو انادکٹ، سدھارتھ کول، ایشان کشن، نتیش رانا، دیودت پیڈیکل اور راہل تیوتیا کا فٹنس ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ متعدد کھلاڑی ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے تھے، حالانکہ جمعرات کو دوبارہ ہوئے ٹیسٹ میں وہ پاس ہوگئے تھے۔

سال 2015 میں یویو ٹیسٹ کے آغاز کے وقت ہندوستانی ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ رہے باسو شنکر نے دوکلومیٹر دوڑ کے نئے فٹنس معیار کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نےکہا،’’ یہ ایک اچھا ٹیسٹ ہے، اس سے آپ ایک ایتھلیٹ اور عام فٹنس لیول کی حقیقی صورت حال کا اندازہ کرسکتے ہیں۔ یہ آپ کو اپنے ایروبک فٹنس اور اپنی حقیقی صورت حال کے بارے میں بتائے گا، جم جانے والے کھلاڑی اگر 10 کلومیٹر کی رفتارسے دوکلومیٹر کی دوڑ لگاتے ہیں تو وہ اسے 12 منٹ میں مکمل کرسکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔