بی سی سی آئی سربراہ سورو گنگولی کی طبیعت بگڑی، کولکاتا کے اسپتال میں داخل

گنگولی کے بڑے بھائی سنیہا شیل اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی اس وقت اسپتال میں موجود ہیں۔ کچھ رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ گنگولی کی اینجیوپلاسٹی ہو گئی جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ شام تک ہونی ہے۔

بی سی سی آئی کے سربراہ اور سابق کپتان سورو گنگولی / تصویر آئی اے این ایس
بی سی سی آئی کے سربراہ اور سابق کپتان سورو گنگولی / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ اور ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد کولکاتا کے ووڈ لینڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کی اطلاع خبررساں ایجنسی اے این آئی نے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گنگولی کی حالت اب مستحکم ہے اور انہیں نجی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔

اسپتال کے عہدیدار کے مطابق جمعہ کی شام کو ورک آؤٹ سیشن کے بعد انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی اور آج دوپہر دوبارہ ایسی ہی پریشانی کے بعد اہل خانہ نے انہیں اسپتال پہنچایا۔ عہدیدار نے کہا، ‘‘اب ان کی حالت مستحکم ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہ درد سے جڑے کسی مسئلہ کی وجہ سے تو نہیں ہے۔ ان کے کئی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔‘‘


سورو گنگولی کے اسپتال میں داخل ہونے پر ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’مجھے یہ جان کر تکلیف ہوئی کہ سورو گنگولی کو ہلکا دل کا دورہ پڑا ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میں ان کی صحت میں تیزی سے بہتری کی تمنا کرتی ہوں۔ میری تعزیت اور دعائیں ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

دنیائے کھیل کے سینئر صحافی بوریا مجمدار نے ٹوئٹ کیا، ’’جب گنگولی جم میں تھے تو انہیں چکر آیا اور وہ ٹیسٹ کرانے کے لئے ووڈ لینڈ اسپتال گئے۔ جب یہ معلوم چلا کہ گنگولی کو دل سے متعلق تکلیف ہے تو اسپتال نے ڈاکٹر سروج منڈل کی قیادت میں تین رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو ان کا علاج کرے گا۔‘‘


گنگولی کے بڑے بھائی سنیہا شیل اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی اس وقت اسپتال میں موجود ہیں۔ کچھ رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ گنگولی کی اینجیوپلاسٹی ہو گئی جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ شام تک ہونی ہے۔ فی الحال ان کی حالت مستحکم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔