سلمان خان کے گھر پر فائرنگ معاملہ: ’خودکشی نہیں، پولیس تشدد سے موت ہوئی!‘، انوج تھاپن کے اہل خانہ کا الزام
سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس میں گرفتار ملزم انوج تھاپن کی پولیس حراست میں موت ہو گئی۔ ممبئی پولیس کا دعویٰ ہے کہ انوج نے لاک اپ کے باتھ روم میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔
فلم اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ معاملے میں اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں پنجاب سے گرفتار انوج تھاپن کے گھروالوں نے ممبئی پولیس پر الزام لگایا ہے کہ پولیس کی تشدد کی وجہ سے انوج تھاپن کی موت ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کل انوج تھاپن کی پولیس حراست میں موت ہو گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے لاک اپ کے باتھ روم میں دری کے ایک ٹکڑے کی مدد سے خود کشی کرلی تھی۔
انوج تھاپن کو ممبئی پولیس نے پنجاب سے ایک دیگر ملزم سونو سبھاش چندر کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ ان پر سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزمین کو اسلحہ سپلائی کرنے کا الزام تھا۔ پولیس کے مطابق انوج تھاپن نے بدھ کو لاک اپ کے باتھ روم میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ اس نے دری سے پھندا بنایا تھا۔ وہ پنجاب کے فاضلکا ضلع کے گاؤں سکھ چین کا رہنے والا تھا۔
گاؤں کے سرپنچ منوج کمار گودارا کا کہنا ہے کہ انوج نے خودکشی نہیں کی ہے بلکہ پولیس حراست میں تشدد کے باعث اس کی موت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ خودکشی نہیں قتل ہے۔ اس کی جانچ مہاراشٹر سے باہر کی کسی ایجنسی کے ذریعے ہونی چاہئے۔ انوج تھاپن کے بھائی ابھیشیک تھاپن کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے۔ انہوں نے کہا میرا بھائی انوج ٹرک کنڈکٹر تھا۔ اس نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کا قتل کر دیا گیا ہے۔ میں اس کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتا ہوں۔
دریں اثنا متوفی کے ماموں رجنیش کا کہنا ہے کہ ہائی سیکورٹی جیل میں انوج کی موت ممبئی پولیس کے کام کاج پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ میرے بھتیجے نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے پولیس حراست میں قتل کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس نے آزاد میدان پولیس اسٹیشن میں حادثاتی موت کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولیس کے مطابق انوج تھاپن کو پنجاب سے سونو کے ساتھ شوٹر ساگر پال اور وکی گپتا کو ہتھیار فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ساگر اور وکی پہلے ہی ممبئی پولیس کی حراست میں ہیں۔
اس سے قبل چاروں ملزمین کے خلاف آئی پی سی اور آرمس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بعد میں پولیس نے شوٹروں وکی گپتا اور ساگر پال کے ساتھ ساتھ سونو اور انوج پر مکوکا لگا دیا تھا۔ اس معاملے میں گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کا بھائی انمول بھی ملزم ہیں۔ ان کی ہدایت پر وکی اور ساگر نے 14 اپریل 2024 کو باندرہ ویسٹ میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔