شاہ رخ خان نے لی راحت کی سانس، وڈودرہ اسٹیشن بھگدڑ معاملے میں سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر لگائی مہر
فلم ’رئیس‘ کے پروموشن کے دوران ہوئی فرید کی موت سے شاہ رخ کافی غمگین نظر آئے تھے، انھوں نے اس وقت کہا تھا کہ ’’میں فرید خان کی موت سے بے حد دکھی ہوں۔‘‘
فلم اداکار شاہ رخ خان کو پانچ سال قدیم بھگدڑ معاملے میں ہوئی ایک موت کے معاملے میں سپریم کورٹ سے راحت ملی ہے۔ 2017 میں فلم رئیس کے پروموشن کے دوران گجرات کے وڈودرہ ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی تھی اور کئی لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں شاہ رخ خان کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا۔ کانگریس کے مقامی لیڈر جتیندر سولنکی نے وڈودرہ کی ایک عدالت میں شاہ رخ خان کے خلاف شکایت کی تھی۔ اس معاملے میں ہائی کورٹ نے پہلے ہی معاملے کو رد کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ اب سپریم کورٹ نے بھی اس فیصلے پر مہر ثبت کر دی ہے۔
دراصل 2017 میں شاہ رخ خان جب اپنی فلم ’رئیس‘ کے پروموشن کے لیے ٹرین کے ذریعہ ممبئی سے دہلی کے لیے نکلے تھے تو بڑی تعداد میں لوگ جگہ جگہ جمع نظر آئے تھے۔ ان کی ٹرین راستے میں کئی اسٹیشنوں سے پر رکی جس میں شاہ رخ نے فلم کا پروموشن کیا۔ گجرات کے وڈودرہ میں بھی ٹرین رکی اور شاہ رخ کی ایک جھلک پانے کے لیے وہاں بھیڑ امنڈ پڑی۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں بھگدڑ کی حالت بن گئی، جس میں فرید خان نامی ایک شخص کی جان چلی گئی۔ اس وقت کچھ لوگ اس میں زخمی بھی ہوئے تھے۔ فرید اپنے کسی رشتہ دار کو اسٹیشن پر چھوڑنے پہنچے تھے، لیکن وہ بھگدڑ کا شکار ہو گئے۔
فلم پروموشن کے دوران ہوئی فرید کی موت سے شاہ رخ کافی غمگین نظر آئے تھے۔ انھوں نے اس وقت کہا تھا کہ ’’میں فرید خان کی موت سے بے حد دکھی ہوں۔ وڈودرہ میں موجود کرکٹر عرفان پٹھان اور ان کے بھائی یوسف پٹھان کو میں نے فرید خان کے کنبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے کہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔