روس کے ایک اسکول میں اندھادھند فائرنگ، 7 طلبا سمیت 13 افراد جاں بحق، حملہ آور نے خود کو بھی کیا ہلاک
ازیوسک شہر کے اسکول نمبر 88 کے 7 طلبا فائرنگ واقعہ میں ہلاک ہوئے ہیں، روس کی جانچ کمیٹی نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ حملے کے بعد بندوق بردار نے خودکشی کر لی۔
پیر کے روز روس کے ایک اسکول میں اندھا دھند فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی روس واقع ایک اسکول میں ایک شخص نے زبردست فائرنگ کی جس میں کئی طلبا شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ روسی میڈیا ادارہ ’آر ٹی‘ کے مطابق ازیوسک شہر میں موجود اسکول میں ہوئی اس فائرنگ میں مجموعی طور پر 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 7 طلبا بھی شامل ہیں۔ بتایا یہ بھی جا رہا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ازیوسک شہر کے اسکول نمبر 88 کے 7 طلبا فائرنگ واقعہ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ روس کی جانچ کمیٹی نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ حملے کے بعد بندوق بردار نے خودکشی کر لی۔ اس کی شناخت کی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ مشتبہ شخص نے ماسک اور کالے رنگ کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس میں ’نازی‘ علامت موجود تھی۔
ریپبلک آف ادمرتیا کے گورنر الیکزندر برچلوو کے مطابق متاثرین میں سے ایک کی شناخت اسکول کے سیکورٹی گارڈ کی شکل میں کی گئی ہے۔ انھوں نے صحافیوں سے کہا کہ ’’آج ادمرتیا میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے۔‘‘ وزارت تعلیم کے مطابق جس اسکول میں گولی باری ہوئی تھی، اسے خالی کرا لیا گیا ہے۔
جائے حادثہ کے فوٹیج میں طلبا اور اساتذہ کو عمارت سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ساتھ ہی متاثرین کو اسٹریچر پر ایمبولنس تک لے جایا جا رہا ہے۔ کلاسز کے اندر کی تصویریں جہاں طلبا نے شوٹنگ کے دوران خود کو روک لیا تھا، وہ بھی آن لائن دکھائی دیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔