اداکار فراز خان کی مدد کے لئے آگے آئے سلمان خان، اسپتال کے تمام بل ادا کر دیئے
سلمان خان کی تصویر شائع کرتے ہوئے کشمیرا شاہ نے لکھا، آپ واقعی ایک عظیم شخص ہیں۔ فراز خان اور ان کے میڈیکل بلوں کا خیال کرنے کے لئے آپ کا شکریہ۔
ممبئی: فلم 'مہندی' میں ادا کیے گئے کردار کے لئے مشہور فراز خان ان دنوں انتہائی علیل چل رہے ہیں اور اسپتال کی انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل ہیں اور موت و زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مدد کی اپیل کیے جانے کے بعد سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے تمام بلوں کی ادائیگی کر دی ہے۔
یہ معلومات اداکارہ کشمیرا شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دی ہے۔ کشمیرا شاہ سلمان خان کے ساتھ 'دلہن ہم لے جائیں گے' اور 'کہیں پیار نہ ہو جائے' جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ اس سے قبل بھی سلمان خان کئی اداکاروں کے علاج کا خرچ برداشت کر چکے ہیں۔
سلمان خان کی تصویر شائع کرتے ہوئے کشمیرا شاہ نے لکھا، "آپ واقعی ایک عظیم شخص ہیں۔ فراز خان اور ان کے میڈیکل بلوں کا خیال کرنے کے لئے آپ کا شکریہ۔ 'فریب' کے اداکار فراز خان کی حالت تشویشناک تھی، سلمان ان کے ساتھ کھڑے تھے اور ان کی اسی طرح مدد کی جس طرح وہ بہت سارے لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ میں ان کی حقیقی مداح ہوں اور ہمیشہ رہوں گی۔ اگر لوگوں کو یہ پوسٹ پسند نہیں ہے تو مجھے پرواہ نہیں ہے۔ آپ کو مجھے ان فالو کرنے کا اختیار ہے۔ میرا ماننا ہے کہ سلمان خان فلم انڈسٹری میں ان تمام لوگوں میں سب سے بہترین انسان ہیں جن سے میری ملاقات ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 2001 میں آئی فلم 'دل نی پھر یاد کیا' میں گوندا اور فلم 'مہندی' میں رانی مکھرجی کے ہمراہ نظر آنے والے بالی ووڈ اداکار فراز خان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اداکار اور ہدایتکار پوجا بھٹ نے سوشل میڈیا پر ان کی مدد کے لئے اپیل کی تھی۔
کئی ٹی وی شوز اور فلموں میں نظر آنے والے اداکار فراز خان طویل عرصے سے دماغی انفیکشن اور نمونیا میں مبتلا تھے۔ انہیں علاج کے لئے بنگلورو کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور ان کے علاج میں 25 لاکھ تک خرچ آنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔