لتا منگیشکر کا یومِ وفات: ممبئی واقع حاجی علی چوک پر تیار ہوگا لتا منگیشکر کا 40 فیٹ اونچا مجسمہ، بھومی پوجن مکمل
لتا منگیشکر اسمارک کے بھومی پوجن کے موقع پر ان کی بہن اوشا منگیشکر نے کہا کہ ’’میں بے حد خوش ہوں کہ ایک سال میں لتا کے اسمارک کے لیے بھومی پوجن ہوا ہے۔‘‘
عالمی شہرت یافتہ لتا منگیشکر نے گزشتہ سال 6 فروری کو، یعنی آج ہی کی تاریخ میں اس دنیا کو الوداع کہا تھا۔ آج انھیں پوری دنیا میں یاد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ممبئی کے حاجی علی چوک پر لتا منگیشکر کی یادگار قائم کیے جانے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ یہاں پر بلبل ہند لتا منگیشکر کا ایک عظیم الشان مجسمہ تیار کیا جائے گا اور آج جب اس کے لیے بھومی پوجن کا عمل انجام پایا تو ان کی بہن اوشا منگیشکر سمیت فلم انڈسٹری کی کئی نامور ہستیاں موجود تھیں۔
لتا منگیشکر اسمارک (یادگار) کے بھومی پوجن کے موقع پر اوشا منگیشکر نے کہا کہ ’’میں بے حد خوش ہوں کہ ایک سال میں لتا کے اسمارک کے لیے بھومی پوجن ہوا ہے۔ اس درمیان ہم نے ممبئی میں بن رہے کوسٹل روڈ کو بھی لتا دیدی کا نام دینے کی ریاستی حکومت سے گزارش کی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ممبئی کے تاڈدیو واقع حاجی علی چوک پر بی ایم سی لتا منگیشکر کی یاد میں عظیم الشان مجسمہ تیار کروا رہا ہے۔ اس کے لیے آج بھومی پوجن تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ریاست کے وزیر سیاحت منگل پربھات لوڑھا، مینا منگیشکر، نیفو آدیناتھ منگیشکر، شیواجی ساٹم، سدیش بھوسلے اور نتن منگیشکر وغیرہ بھی موجود تھے۔ لتا منگیشکر اسمارک کے لیے بی ایم سی نے 50 لاکھ روپے تک کا بجٹ رکھا ہے۔ بی ایم سی ان کی 40 فیٹ کی مورتی بنوائے گا اور اس کام کی تکمیل میں 3 ماہ لگنے کا اندازہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لتا منگیشکر اسمارک کو ’سروں کا کلپ ورکش‘ نام دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اسمارک کو ’آسمان اور زمین‘ کے نام سے بھی جانا جائے گا۔ یہاں خاص مواقع پر اسپیکر لگا کر لتا منگیشکر کے گانے بجائے جائیں گے۔ مہاراشٹر اور ممبئی میں پہلی بار ایسا اسمارک بننے جا رہا ہے جو آسمان اور زمین کے رشتے کو ایک ’ورکش‘ یعنی درخت سے جوڑے گا۔ اس اسمارک کو پوری طرح تیار ہونے میں تقریباً 6 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔