ٹوکیو پیرالمپکس: سنگھ راج ادھانا نے 10 میٹر ائیرپسٹل مقابلہ میں کانسہ کا تمغہ حاصل کیا

مردوں کے 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلہ کے فائنل میں ناقابل یقین طریقہ سے واپسی کرتے ہوئے سنگھ راج ادھانا نے 216.8 کا اسکور بنا کر کانسہ کا تمغہ جیتنے کا کمال کر دکھایا۔

سنگھ راج ادھانا / سوشل میڈیا
سنگھ راج ادھانا / سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ٹوکیو: ہندوستان کے سنگھ راج ادھانا نے ٹوکیو پیرالمپکس کے دوران مردوں کے 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلہ میں کانسہ کا تمغہ حاصل کر لیا ہے۔ شوٹنگ (نشانہ بازی) میں یہ ہندوستان کا دوسرا تمغہ ہے، جبکہ ان مقابلوں میں اب تک ہندوستان کے کھلاڑی آٹھ تمغے جیت چکے ہیں۔ اس سے پلے اونی لیکھرا نے شوٹنگ میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اونی کے علاوہ سمیت انتیل نے نیزہ پھینکنے کے مقابلہ میں ہندوستان کو طلائی تمغہ دلایا ہے۔

سنگھ راج ادھانا کے کانسہ کا تمغہ جیتنے پر اولمپکس کے تمغہ یافتہ ابھینو بندرا نے ٹوئٹ کر کے مبارک باد پیش کی ہے۔ مردوں کے 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلہ کے فائنل میں ناقابل یقین طریقہ سے واپسی کرتے ہوئے سنگھ راج ادھانا نے 216.8 کا اسکور بنا کر کانسہ کا تمغہ جیتنے کا کمال کر دکھایا۔ سنگھ راج ادھانا کو سوشل میڈیا پر لگاتار مبارکبادی حاصل ہو رہی ہے۔


وزیر اعظم نے بھی ادھانا کے تمغہ جیتنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’سنگھ راج ادھانا کی کارکردگی غیر معمولی ہے۔ ہندوستان کے ہونہار نشانہ باز نے کانسہ کا تمغہ حاصل کر لیا۔ انہوں نے زبردست محنت کی ہے اور کامیابی حاصل کی۔ انہیں مبارک باد اور مستقبل کی کاوشوں کے لئے نیک خواہشات۔‘‘ ادھر، خواتین کے 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلہ کے فائنل میں ہندوستان کی روبینہ فرانسس 7ویں مقام پر رہیں۔ انہوں نے 128.1 کا اسکور بنایا اور اسی کے ساتھ وہ اس مقابلہ سے باہر ہو گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔