میراڈونا کے انتقال پر سچن، گنگولی، رونالڈو اور میسی کا اظہار افسوس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے میراڈونا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ عظیم کھلاڑی نے نہ صرف ایک نسل بلکہ کئی نسلوں کو متاثرکیا ہے۔

فٹبال کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا / تصویر آئی اے این ایس
فٹبال کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا / تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان کے ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر، بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی، پرتگال کے نامور فٹ بال کھلاڑی کرسٹیانورونالڈو اور ارجنٹینا کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے فٹ بال کی تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ارجنٹینا کے ڈیاگو میراڈونا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

تیندولکر نے ٹوئٹر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میراڈونا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا ’’فٹ بال اور کھیلوں کی دنیا آج ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگئی۔ آپ کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔" سوربھ گانگولی نے ٹوئٹ کرکے میراڈونا کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ "میرا ہیرو اب نہیں رہا۔ میں صرف آپ کے لئے فٹ بال دیکھتا تھا۔"


رونالڈو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے میراڈونا کو ایک انوکھا جادوگر بتایا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، "آج میں اپنے ایک دوست کو الوداع کہہ رہا ہوں۔ آپ ہمیں جلدی چھوڑ کر چلے گئے۔ آپ کی کمی کو پورا نہیں کیا جاسکے گا۔ آپ کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔"

ڈیاگو میراڈونا کو ان کے ہموطن اور میسی نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ میسی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ "تمام ارجنٹینا اور فٹ بال کے لئے بہت دکھ کا دن۔" وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ میں ان کے ساتھ گزارے تمام اچھے لمحات کو یاد کرتے ہوئے، ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔


ہندوستان کے سابق کرکٹر سریش رینا نے میراڈونا کے انتقال کو ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، "یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ہمارے بچپن کا اسٹار، جس نے ہمیں خوشی منانے کے بہت سارے مواقع فراہم کیے۔ آپ ہمیشہ ہمارے دلوں اور یادوں میں رہیں گے۔ " انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے میراڈونا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ عظیم کھلاڑی نے نہ صرف ایک نسل بلکہ کئی نسلوں کو متاثرکیا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔