ملازمین کی ہڑتال: ملک بھر میں بینکنگ خدمات شدید متاثر

قومی عام ہڑتال میں آئی این ٹی یو سی، اے آئی ٹی یو سی، ایچ ایم ایس، اے آئی یو ٹی یوسی، ٹی یوسی سی، سیوا، ایل پی ایف اور یو ٹی یو سی نے مختلف آزادنہ فیڈریشنس اور یونینوں کے ساتھ مل کر حصہ لیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: مرکزی حکومت کی مزدور اور ملازمین مخالف پالیسوں کے خلاف ملک بھر کے تقریباً 4 لاکھ ملازمین جمعرات کے روز ہڑتال پر چلے گئے، جس کی وجہ سے بینکنگ معاملات وسیع پیمانے پر متاثر ہوئے۔ سنٹرل ٹریڈ یونینوں کی جانب سے ایک روزہ قومی عام ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔ قومی عام ہڑتال میں آئی این ٹی یو سی، اے آئی ٹی یو سی، ایچ ایم ایس، اے آئی یو ٹی یوسی، ٹی یوسی سی، سیوا، ایل پی ایف اور یو ٹی یو سی نے مختلف آزادنہ فیڈریشنس اور یونینوں کے ساتھ مل کر حصہ لیا۔

اے آئی بی ای اے کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹ چلم نے بتایا کہ ملک بھر سے موصول اطلاعات کے مطابق مہاراشٹر، اے پی، تلنگانہ، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، دہلی، پنجاب، کرناٹک، بہار اور کیرالہ میں بینکنگ خدمات شدید طور پر متاثر ہوئی ہیں۔

تمل ناڈو کے 16 اضلاع میں حکومت نے سیلاب کی وجہ سے بینکوں کی تعطیل کا اعلان کیا ہے اور ایسی صورت میں تمام بینک مکمل طور پر بند ہیں۔ دیگر اضلاع میں ہڑتال کامیاب رہی۔ ملک بھر کی مختلف برانچوں سے رقم نکالی نہیں جا سکی اور نہ ہی رقم جمع کروائی جا سکی۔ کئی اے ٹی ایم نے بھی کام نہیں کیا کیونکہ اس میں رقم نہیں تھی۔ چیک بھی کلیرنگ کے لئے نہیں بھیجے جا سکے۔


انہوں نے کہا کہ ملازمین نے پُرجوش انداز میں ہڑتال میں حصہ لیا اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ہڑتال میں شمولیت اور ان کے تعاون پر ملازمین سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور ساتھ ہی مشکل کو برداشت کرنے پر صارفین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اے آئی بی ای اے کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ بینک ہڑتال سنٹرل ٹریڈ یونینوں کے نیشنل کنونشن آف ورکرس کی اپیل کی حمایت میں کی گئی ہے جن کے سات نکاتی مشترکہ مطالبات ہیں۔ ان مطالبات میں بینکوں کی نجی کاری کو روکنا، عوامی شعبہ کے بینکوں کو مستحکم کرنا، قرض نادہندہ کے خلاف سخت کارروائی کرنا، بھاری این پی اے کی واپسی، بینک کے ڈپازٹس پر سود کی شرح میں اضافہ، ریگولر بینکنگ ملازمتوں کی آوٹ سورسنگ کا خاتمہ، بینکوں میں مناسب تقرریاں، بینک ملازمین کے لئے نئے وظیفہ کی اسکیم کی منسوخی، تمام بینک ملازمین بشمول کوآپریٹیو بینک ملازمین کے لئے ڈی اے کو وظیفہ سے مربوط کرنا کوآپریٹیو بینکوں کو مستحکم کرنا شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔