پیرالمپکس 2024: بیڈمنٹن کھلاڑی نتیش نے رقم کی تاریخ، ہندوستان کو دلایا اس سیزن کا دوسرا طلائی تمغہ
بھلے ہی نتیش کمار اب پیرالمپکس میں کامیابی کی اونچائی کھڑے ہوں لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ مہینوں تک بستر پر پڑے رہے تھے اور ان کا حوصلہ ٹوٹا ہوا تھا۔
پیرس پیرالمپکس 2024 میں ہندوستان کو رواں سیزن میں اپنا دوسرا طلائی تمغہ حاصل ہو گیا ہے۔ یہ تمغہ پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی نتیش کمار نے مینس سنگلز بیڈمنٹن ایس ایل 3 میں جیتا ہے۔ اسی کے ساتھ اس پیرالمپکس میں اب ہندوستان کے مجموعی طور پر 9 تمغے ہو گئے ہیں۔ پیرا بیڈمنٹن مینس سنگلز ایس ایل 3 ایونٹ کے فائنل میں نتیش کمار کا سامنا گریٹ برٹین کے ڈینیل بیتھیل سے ہوا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت ٹکر دیکھنے کو ملی اور آخر میں نتیش کمار بازی مارنے میں کامیاب رہے۔
نتیش کمار اور گریٹ برٹین کے ڈینیل بیتھیل کے درمیان طلائی تمغہ کے اس میچ کا پہلا سٹ نتیش کمار کے ہی نام رہا۔ انھوں نے یہ سٹ 21-14 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے سٹ میں زوردار کوشش کے بعد بھی انھیں 18-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک وقت یہ سٹ 16-16 کی برابری پر تھا، لیکن یہاں سے نتیش کمار پھر پیچھے ہو گئے۔ تیسرے سٹ میں نتیش نے بہترین واپسی کی اور 23-21 سے سٹ جیت کر مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ اس سٹ کو جیتنے کے لیے انھیں کافی مشقت کرنی پڑی۔ دونوں کھلاڑی ایک ایک پوائنٹ کے لیے آخر تک لڑتے ہوئے دکھائی دیے۔ کچھ مواقع پر ڈینیل آگے نکلے، لیکن نتیش نے صبر بنائے رکھا اور طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ یہ پیرالمپکس میں نتیش کا پہلا تمغہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بھلے ہی نتیش کمار اب پیرالمپکس میں کامیابی کی اونچائی پر کھڑے ہوں، لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ مہینوں تک بستر پر پڑے رہے تھے اور ان کا حوصلہ ٹوٹا ہوا تھا۔ نتیش جب پندرہ سال کے تھے تب ان کی زندگی میں افسوسناک موڑ آیا۔ 2009 میں وشاکھاپٹنم میں ایک ٹرین حادثہ میں انھوں نے اپنا پیر گنوا دیا۔ کچھ وقت بعد انھوں نے حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھنے کا عزم کیا اور آج نتیش پیرالمپکس چمپئن ہیں۔ انھوں نے پہلی بار پیرالمپکس میں حصہ لیا اور پہلی ہی کوشش میں طلائی تمغہ حاصل کر تاریخ رقم کر دی۔
نتیش کمار کی کامیابی کے بعد انھیں خوب مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے پوسٹ کر انھیں مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ کانگریس نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’پیرس پیرالمپکس کے ’بیڈمنٹن سنگلز ایونٹ‘ میں ہندوستان کے نتیش کمار نے طلائی تمغہ جیتا ہے۔ نتیش نے اپنی کارکردگی سے پیرس میں ملک کا وقار بلند کیا ہے۔ کانگریس فیملی کی طرف سے نتیش کو متقبل کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔