ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں نیتو گھنگھاس نے طلائی تمغہ پر کیا قبضہ، پہلی ہی کوشش میں بن گئیں عالمی چمپئن

نیتو گھنگھاس عالمی چمپئن بننے والی ہندوستان کی چھٹی مکہ باز بن گئی ہیں، اس سے قبل ایم سی میریکوم، سریتا دیوی، جینی، لیکھا کیسی، نکہت زریں یہ کمال کر چکی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>نیتو گھنگھاس، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

نیتو گھنگھاس، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی نوجوان خاتون باکسر نیتو گھنگھاس نے آج 48 کلوگرام وزن والی کیٹگری میں عالمی چمپئن کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں انھوں نے منگولیا کی مکہ باز کو یکطرفہ مقابلہ میں 0-5 سے شکست دے کر طلائی تمغہ پر قبضہ کیا۔ اب وہ عالمی چمپئن بننے والی ہندوستان کی چھٹی مکہ باز بن گئی ہیں۔ اس سے قبل ایم سی میریکوم، سریتا دیوی، جینی، لیکھا کیسی، نکہت زریں یہ کمال کر چکی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ نیتو نے سیمی فائنل مقابلے میں قزاقستان کی الوا بلکی بیکووا کو 2-5 سے سخت مقابلے میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ آج جب فائنل مقابلہ کھیلا گیا تو پہلے راؤنڈ کے شروع میں منگولیا کی مکہ باز نے نیتو پر دباؤ بنانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن ہندوستانی مکہ باز نے بھی اپنے پنچ کا دَم دکھایا اور واپسی کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگائی۔ نیتو نے مخالف مکہ باز کو غلطی کرنے پر مجبور کیا اور طلائی تمغہ کی طرف اپنا قدم بڑھا دیا۔ پہلے راؤنڈ کی بات کریں تو آخر کے 15 سیکنڈ میں ہندوستانی مکہ باز نے زبردست جارحانہ انداز اختیار کر لیا تھا اور نتیجہ کار یہ راؤنڈ وہ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔


دوسرے راؤنڈ کی بات کریں تو دونوں ہی مکہ باز کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ایک وقت منگولیا کی مکہ باز نے نیتو پر کلیپ پنچ جڑے، لیکن ان کے پنچ سے نیتو کی جارحیت کم نہیں ہوئی۔ حالانکہ اس دوران ہندوستانی مکہ باز نے اپنا بیلنس گنوا دیا تھا۔ منگولیا کی مکہ باز نے نیتو کو مقابلے سے باہر کرنے کی لگاتار کوشش کی، لیکن ہندوستانی مکہ باز نے شکست نہیں مانی۔ اس دوران انھیں پیلا کارڈ ملا جس نے ہندوستانی شیدائیوں کی فکر میں اضافہ کر دیا تھا۔ پیلے کارڈ کو چھوڑ دیا جائے تو دوسرے راؤنڈ میں نیتو پوری طرح حاوی دکھائی دیں اور شروعاتی 2 راؤنڈ میں ہی نیتو نے چمپئن بننے کی کہانی لکھ دی تھی۔

تیسرا راؤنڈ بھی بہت قریبی رہا تھا اور ایک وقت تو نیتو اس راؤنڈ میں پیچھے ہو گئی تھیں، لیکن آخر کے 56 سیکنڈ میں منگولیا کی مکہ باز کو پیلا کارڈ مل گیا جس نے نیتو کا جوش بڑھا دیا۔ اس کے بعد تو ہاتھ سے نکلے ہوئے راؤنڈ کے آخر کے 30 سیکنڈ میں نیتو نے کلین پنچ سے پوائنٹس بٹورے اور مقابلہ اپنے نام کر لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔