ہندوستان کے فٹ بال کھلاڑی سید شاہد حکیم کا انتقال
پرفل پٹیل نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ یہ سن کر افسوس ہوا کہ حکیم صاحب نہیں رہے۔ وہ ہندوستانی فٹ بال کی سنہری نسل کے رکن تھے، جنہوں نے ملک میں کھیل کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
گلبرگہ: اولمپکس کھیلنے والے سابق ہندوستانی فٹ بالر سید شاہد حکیم کا اتوار کے روز یہاں ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا، وہ 82 سال کے تھے۔ آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے ان کی موت پر تعزیت کی ہے۔
اے آئی ایف ایف کے صدر پرفل پٹیل نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ "یہ سن کر افسوس ہوا کہ حکیم صاحب نہیں رہے۔ وہ ہندوستانی فٹ بال کی سنہری نسل کے رکن تھے، جنہوں نے ملک میں کھیل کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہندوستانی فٹ بال میں ان کی شراکت کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ میں ان کے خاندان کے ساتھ دکھ میں شریک ہوں۔
اے آئی ایف ایف کے جنرل سکریٹری کوشل داس نے کہا کہ “حکیم صاحب ایک عظیم فٹبالر تھے جو کئی نسلوں کے لیے ایک تحریک رہے ہیں۔ ان کے اہل خانہ سے میری تعزیت۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ ان کی روح کو سکون ملے۔ "
واضح رہے کہ حکیم 1960 کے اولمپک کھیلوں میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے فیفا انٹرنیشنل ریفری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور دوحہ میں اے ایف سی ایشین کپ 1988 میں کئی میچز کا انعقاد کیا۔ انہوں نے حکیم صاحب کی حیثیت سے مقبولیت حاصل کی تھی۔
گھریلو سطح پر بات کریں تو وہ 1960 میں سنتوش ٹرافی ٹیم کا حصہ تھے۔ وہ 1960 سے 1966 تک ہندوستانی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ کلب کی سطح پر وہ سٹی کالج اولڈ بوائز (حیدرآباد) اور انڈین ایئر فورس کے لیے کھیلے۔ مرحوم شاہد حکیم کو 2017 میں دھیان چند لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔