ہرمن پریت نے آخری لمحات میں گول کر ہندوستان کو زندگی بخشی، اب آئرلینڈ سے مقابلہ
آخری لمحات میں تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے گول کر کے نہ صرف ارجنٹائن کے ساتھ میچ ڈرا پر ختم کیا بلکہ اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل کی دوڑ میں بھی برقرار رکھا
پیرس: آخری لمحات میں تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے گول کر کے نہ صرف ارجنٹائن کے ساتھ میچ ڈرا پر ختم کیا بلکہ اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل کی دوڑ میں بھی برقرار رکھا۔ پیر کو یویس ڈو منوئر اسٹیڈیم میں پول بی کے میچ میں ہرمن پریت نے 59ویں منٹ میں گول کر کے میچ 1-1 سے برابر کر دیا۔ ارجنٹائن کے لوکاس مارٹینیز نے میچ کے 22ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ ہندوستان اپنے تیسرے پول بی میچ میں آج (30 جولائی) کو شام پونے پانچ بجے آئرلینڈ سے مقابلہ کرے گا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا گیم 3-2 سے جیتنے کے بعد، ہندوستانیوں نے اعتماد کے ساتھ میچ کا آغاز کیا اور ہندوستانی فارورڈز نے پہلے کوارٹر میں زوردار حملے کیے حالانکہ وہ ارجنٹائن کے دفاع کو عبور کرنے میں ناکام رہے۔ ارجنٹائن اپنا پچھلا میچ آسٹریلیا سے 0-1 سے ہار گیا تھا۔
ہندوستان کو میچ کے دسویں منٹ میں پہلا پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ اسے گول میں تبدیل نہ کر سکا۔ اگلے ہی منٹ میں ابھیشیک نے گول پر شاٹ لیا لیکن گیند کراس بار سے ٹکرا گئی۔ پہلا کوارٹر بغیر گول کے رہنے کے بعد ہندوستان کو 19ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر ملا لیکن ارجنٹائن کے گول کیپر سینٹیاگو نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان کو گول کرنے سے روک دیا۔
اس دوران لوکاس مارٹینیز نے 22ویں منٹ میں گول کرنے کی کوشش کی۔ دفاعی کھلاڑی ہرمن پریت کو پچھاڑتے سرکل میں جگہ بناتے ہوئے مارٹنیز نے سریجیش کے دائیں جانب سے گیند کو جال میں ڈالا۔ اس کے بعد ہندوستان نے کئی حملے کیے لیکن کھیل کے اگلے 37 منٹ میں کوئی گول کرنے میں ناکام رہا۔ اب جب کہ ہندوستان یقینی شکست کی طرف گامزن تھا، ایسے اہم موڑ پر، ہرمن پریت نے شاندار کارکردگی پیش کی اور گیند کو سینٹیاگو سے آگے لے جانے کے لیے ایک طاقتور ڈریگ کیا۔ دیر سے گول نے اسٹینڈز میں موجود ہندوستانی شائقین کو جشن منانے کا موقع فراہم کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔