ریلائنس جیو نے گوگل کی شراکت سے بنایا جدید خوبیوں والا اسمارٹ فون، 10 ستمبر سے بازاروں میں دستیاب ہوگا

ریلائنس کی اے جی ایم میں جیو فون - نیکسٹ کی قیمتوں کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی قیمت کافی کم رکھی جائے گی۔

مکیش امبانی، سوشل میڈیا
مکیش امبانی، سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ریلائنس انڈسٹریز کے 44 ویں سالانہ عام اجلاس (اے جی ایم) سے چیئرمین مکیش امبانی نے ریلائنس جیو اور گوگل کی شراکت داری میں تیار ہونے والے نئے اسمارٹ فون ’جیو فون - نیکسٹ‘ کا اعلان کیا۔ یہ نیا فون جیو اور گوگل کے فیچرس اور ایپس سے لیس ہوگا اور اینڈرائیڈ ٹیکنالوجی پر کام کرے گا۔

مکیش امبانی نے کہا کہ نیا اسمارٹ فون عام آدمی کی جیب کے پیش نظر تیار کیا گیا ہے۔ یہ بے حد کفایتی ہوگا اور 10 ستمبر یعنی گنیش چترتھی کے موقع پر بازاروں میں دستیاب ہو جائے گا۔ جدید ترین خوبیوں والے اس اسمارٹ فون کو مکیش امبانی نے ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا کا سستا ترین فون قرار دیا ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ سال ریلائنس جیو نے گوگل کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا تھا۔ گوگل کے سی ای او (چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر) سندر پچائی نے نئے اسمارٹ فون کے تعلق سے کہا تھا، ’’ہمارا آئندہ قدم گوگل اور جیو کے ساتھ مل کر ایک نیا، کفایتی جیو اسمارٹ فون تیار کرنا ہوگا۔ یہ خصوصی طور پر ہندوستان کے لوگوں لئے بنایا جائے گا اور یہ ان لاکھوں صارفین کے لئے امکانات کے نئے دروازے کھولے گا جو پہلی مرتبہ انٹرنیٹ کا تجربہ کریں گے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’گوگل کلاؤڈ اور جیو کے مابین ایک نئی 5-جی شراکت داری ایک ارب سے زیادہ ہندوستانیوں کو تیز انٹرنیٹ سے جڑنے میں مدد کرے گی اور ہندوستان کے ڈیجٹلائیزیشن کے اگلے مرحلہ کی بنیاد رکھے گی۔‘‘


ریلائنس کی اے جی ایم میں جیو فون - نیکسٹ کی قیمتوں کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی قیمت کافی کم رکھی جائے گی۔ یہ فون ان 30 کروڑ لوگوں کے فون استعمال کرنے کا طریقہ بدل سکتا ہے جو تاحال 2-جی موبائل استعمال کرتے ہیں۔ تیز اسپیڈ، بہترین آپریٹنگ سسٹم اور کفائتی داموں کے دم پر جیو-گوگل کا یہ اسمارٹ فون جیو کے صارفین کی تعداد میں کافی اضافہ کر سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Jun 2021, 4:11 PM