چندریان-3 کی الٹی گنتی شروع، کل دوپہر 2.35 بجے ہوگا لانچ، چندریان-2 سے یہ کئی معنوں میں ہے مختلف
ایک انٹرویو میں اِسرو چیف سومناتھ نے کہا تھا کہ ’’چندریان-3 مشن کو ہم نے گزشتہ غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے تیار کیا ہے، ہماری توجہ اس پر تھی کہ گزشتہ بار ہم کہاں غلط تھے اور اسے کیسے ٹھیک کیا جا سکتا ہے‘‘
ہندوستان کے تیسرے چاند مشن کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن یعنی اِسرو نے اس کی لانچنگ کے لیے پوری تیاری کر لی ہے۔ ’چندریان-3‘ شری ہریکوٹا کے ستیش دھون خلائی مرکز سے کل یعنی 14 جولائی کو دوپہر 2.35 بجے لانچ ہوگا جو 42 دنوں کا سفر طے کر کے چاند پر پہنچنے کے ہمارے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرے گا۔
ہندوستان نے 2019 میں ’چندریان-2‘ مشن کو لانچ کیا تھا، حالانکہ یہ ناکام ہو گیا اور ہندوستان چاند پر کامیابی کے ساتھ سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بننے سے محروم ہو گیا۔ ’چندریان-2‘ کے لینڈر میں عین وقت پر خرابی پیدا ہو گئی تھی جس نے سافٹ لینڈنگ میں رخنہ پیدا کر دیا تھا، لیکن ’چندریان-3‘ گزشتہ ’مشن مون‘ کے مقابلے میں بہت مختلف ہے۔ ایک انٹرویو میں اِسرو کے چیف ایس سومناتھ نے کہا تھا کہ ’’چندریان-3 مشن کو ہم نے گزشتہ غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے تیار کیا ہے۔ ہماری توجہ اس پر تھی کہ گزشتہ بار ہم کہاں غلط تھے اور اسے کیسے ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔‘‘
اگر چندریان-2 اور چندریان-3 کے درمیان فرق پر غور کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ چندریان-2 میں آربیٹر، لینڈر اور روور تین کمپوننٹ تھے، جبکہ چندریان-3 میں آربیٹر کی جگہ پراپلشن ماڈیول کو شامل کیا گیا ہے۔ اگر وزن کا موازنہ کیا جائے تو چندریان-2 کا مجموعی وزن 3850 کلوگرام تھا جبکہ چندریان-3 کا وزن 3900 کلو ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ چندریان-2 مشن ایک سے سات سال تک کے لیے منصوبہ بند تھا، جبکہ چندریان-3 مشن کی لائف محض 3 سے 6 ماہ ہے۔ علاوہ ازیں چندریان-2 نے چاند تک پہنچنے کے لیے 48 دن کا وقت لیا تھا، جبکہ چندریان-3 چاند تک پہنچنے کا اپنا سفر 42 دنوں میں مکمل کر سکتا ہے۔
بہرحال، امید کی جا رہی ہے کہ چندریان-3 کی کامیابی خلائی شعبہ میں نئی دریافتوں کا ذریعہ بنے گی۔ اس مشن میں سب سے اہم یہ ہوگا کہ چاند پر سافٹ لینڈنگ میں کامیابی حاصل ہو۔ اب تک امریکہ، روس اور چین ہی ایسے ممالک ہیں جو چاند پر سافٹ لینڈنگ کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ چندریان-3 کا لینڈر 23 اگست کو سافٹ لینڈنگ کر سکتا ہے، اور یہ وہ وقت ہوگا جب چاند پر سورج طلوع ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔