اسرو کو بڑا جھٹکا! تکنیکی گڑبڑی کے سبب ’جی سیٹ‘ مشن ناکام

اسرو کے صدر نشین کے سیون نے اس مشن کی ناکامی کے بعد سائنسدانوں اور انجینئرس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرایوجینک مرحلہ میں تکنیکی وجوہات کی وجہ سے یہ مشن پورا نہیں ہو پایا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی (اسرو) کو آج ایک بڑا دھکہ پہنچا ہے کیونکہ اس کا عصری جیو امیجنگ سٹلائیٹ (جی سیٹ1) مشن ناکام رہا۔ جیو سائکرونیوس سٹلائیٹ لانچ وہیکل۔ایف 10 (جی ایس ایل وی۔ایف 10) شیڈول کے مطابق صبح 5.43 بجے روانہ ہوا اور اس کو چھوڑنے کے اندرون دو منٹ آتشگیری کا دوسرا مرحلہ منصوبہ کے مطابق ہوا۔ دوسرے مرحلہ کے بعد کرائیوجینک اسٹیج میں آتشگیری نہیں ہو پائی اور یہ مشن ناکام رہا۔

اسرو کے صدر نشین کے سیون نے اس مشن کی ناکامی کے بعد سائنسدانوں اور انجینئرس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرایوجینک مرحلہ میں تکنیکی وجوہات کی وجہ سے یہ مشن پورا نہیں ہو پایا۔ اسرو اب اس ناکامی کا تجزیہ کرے گا جس کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس سٹلائیٹ کو چھوڑنے کی خلائی ایجنسی کی یہ تیسری کوشش تھی۔ اس کو پہلے 5 مارچ 2020 کو چھوڑا جانے والا تھا، تاہم 4 مارچ 2020 کو اس کے 26 گھنٹے کی الٹی گنتی کے آغاز سے چند منٹ پہلے ہی اس کو منسوخ کرنا پڑا۔ اسرو نے جاریہ سال کے اوائل میں اس کو چھوڑنے کے سلسلہ میں اعتماد کا اظہار کیا تھا تاہم وولٹیج کے مسئلہ کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو پایا تھا۔ سائنسدانوں نے اس کو بجلی کا معمولی مسئلہ قرار دیا تھا۔


جاریہ سال فروری میں پی ایس ایل وی سی 51 کے ذریعہ برازیل کے سٹلائیٹ امازونیا کو چھوڑے جانے کے بعد یہ اسرو کا دوسرامشن تھا۔ 2268 کیلو وزنی ای اوایس۔ تین یا جیو سٹلائیٹ امیجنگ سٹلائیٹ (جی سیٹ1) زمین کا مشاہداتی سٹلائیٹ تھا جس کو مدار میں چھوڑا جانے والا تھا۔ کووڈ کی وبا اور لاک ڈاون کے سبب اس مشن میں تاخیر ہوئی۔ جاریہ سال یکم مارچ کو اس کو چھوڑنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا تاہم سٹلائیٹ کی بیٹری میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اس کو چھوڑنے میں تاخیر ہوئی۔ بیٹری کی تبدیلی کے بعد اس مشن کے لئے راکٹ تیار تھا تاہم کووڈ کی دوسری لہر کے سبب اس میں مزید تاخیر ہوگئی۔

اسی دوران اس مشن کی ناکامی کے بعد مرکزی مملکتی وزیر نگران خلائی شعبہ جیتندر سنگھ نے کہا کہ اسرو کے اس مشن کے شیڈول میں بعد ازاں تبدیلی کی جائے گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ انہوں نے اسرو کے صدرنشین سیون سے تفصیلی بات کی ہے۔ انہوں نے اس خصوص میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس مشن کے ابتدائی دو مرحلے بہتر رہے جس کے بعد ہی کرائیوجینک اپر اسٹیج کی آتشگیری میں مشکلات پیدا ہوئیں۔ اس مشن کو کچھ وقت کے بعد ری شیڈول کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔