جمعیۃ علماء ہند کے سابق ناظم دفتر مولانا محمد یوسف خاں کے انتقال پر صدر جمعیۃ کا اظہارِ تعزیت

<div class="paragraphs"><p>مرحوم مولانا محمد یوسف خاں کی ایک پرانی تصویر</p></div>

مرحوم مولانا محمد یوسف خاں کی ایک پرانی تصویر

user

پریس ریلیز

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی و ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کے سابق ناظم دفتر مولانا محمد یوسف خاں قاسمی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ مولانا موصوف دارالعلوم دیوبند کے قدیم فاضل تھے۔ آبائی وطن فرید پور میرٹھ یوپی تھا، ان کی عمر تقریباً 80 سال تھی۔

سابقاً انڈین آرمی میں نائب صوبہ دار اور امامت کی ذمہ داری پر مامور تھے۔ سبکدوش ہونے کے بعد دفتر جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ ہوئے، جہاں وہ ناظم محاسبی اور ناظم دفتر جمعیۃ علماء ہند مقرر ہوئے۔ اپنی شرافت طبع، اصول پسندی، سادگی اور ایمانداری کی وجہ سے معروف تھے۔ جمعیۃ علماء ہند کے سابق صدر حضرت امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوریؒ کے ساتھ زمانہ طالب علمی سے بہت گہرا تعلق تھا۔ اسی طرح جمعیۃ علماء ہند کے سابق نائب صدر اور سابق استاذ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا ریاست علی بجنوریؒ سے بھی انس و محبت اور عقیدت کا تعلق رکھتے تھے۔ جمعیۃ علماء ہند کے دفتر میں انھوں نے طویل عرصے تک ایمانداری اور اصول پسندی کے ساتھ ملازمت کی۔ آج دہلی کے اسکوٹ ہسپتال میں مختصر علالت کے بعد وصال فرما گئے۔


صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے خدام اور دفتر کے تمام احباب کی طرف سے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی ہے اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کو جنت الفردوس میں مقام اعلیٰ عطافرمائیں۔ (آمین)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔