جمعیۃ علماء ہند نے اہانت رسول کے مرتکب شخص کے خلاف سخت کارروائی کا کیا مطالبہ
جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے وزیر داخلہ حکومت ہند اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی کو مکتوب لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ اہانت رسول کے مرتکب شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
نئی دہلی: جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے وزیر داخلہ حکومت ہند امت شاہ اور مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے کو خط لکھ کر احمد نگر کے رام گری مہاراج کے ذریعہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف دیے گئے قابل اعتراض اور اشتعال انگیز بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور مذکورہ شخص کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں کیوں کہ کوئی بھی مسلمان اپنے پیغمبر کی ادنیٰ توہین بھی قبول نہیں کر سکتا۔ یہ امر حیرت کا باعث ہے کہ مذکورہ شخص اپنے ملعون کردار پر مصر ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس نے ایک منظم منصوبے کے تحت ملک کی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کو چیلنج کیا ہے۔
مولانا مدنی نے مطالبہ کیا ہے کہ خاطی کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے واقعات کو روکیں اور ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ مکتوب میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اگر اس معاملے پر فوری اور سخت کارروائی نہیں کی گئی تو اس سے فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو کہ کسی بھی صورت میں ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔