نیشنل جمبوری مقابلے میں جمعیۃ یوتھ کلب نے 17 میں سے 9 ایوارڈس اپنے نام کیے
جمعیۃ یوتھ کلب کی 183 رکنی ٹیم نے نیشنل جمبوری مقابلے میں حصہ لیا تھا، تین ایوارڈس گائیڈس (لڑکیوں) نے اپنے نام کیے، صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے سبھی کو مبارک باد پیش کی ہے۔
جے پور/دہلی: پالی ضلع کے روہٹ میں 18ویں قومی اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ جمبوری کے مختلف مقابلوں میں بڑی دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جمعیۃ یوتھ کلب نے 17 میں سے 9 ایوارڈس حاصل کیے۔ ان میں سے تین ایوارڈس جمعیہ یوتھ کلب گائیڈس (لڑکیوں) نے حاصل کیے، جن کا حوصلہ اور مظاہرہ لڑکوں سے کم نہ تھا۔ جمعیۃ یوتھ کلب کے سامنے کئی ریاستیں پیچھے رہ گئیں۔
واضح ہو کہ اس مقابلے میں ہندوستان کی سبھی ریاستوں سمیت سارک ممالک کے 37 ہزار سے زائد اسکاؤٹس اور گائیڈز نے حصہ لیا۔ یہ اسکاؤٹس اور گائیڈز کا ایک قومی سطح کا بڑا اجتماع ہوتا ہے جو 4 سال میں ایک بار یا خاص مواقع پر منعقد ہوتا ہے۔ اس میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں اور بیرون ملک کے نوجوان، رسم و رواج، دستکاری، مذہبی رسومات اور ثقافتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
جمعیۃ یوتھ کلب کے نوجوانوں کی نمایاں کامیابی پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی چیف کمشنر بی ایس جی نے مبارک باد دی ہے اور کہا کہ آخری منزل انعام حاصل کرنا نہیں بلکہ خودی کی پہچان کرکے خود کوانسانیت کے لیے کارگر بنانا ہے، انھوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان آگے بڑھیں گے اور دنیا میں اپنا مقام حاصل کریں گے۔
اس بار اس خاص مقابلے میں جمعیۃ یوتھ کلب کی 183 رکنی ٹیم اپنے سکریٹری قاری احمد عبداللہ رسول پوری، ماسٹر ہدایت اللہ، مولانا واصف اور وعظ امن کی قیادت میں جمبوری میں شریک ہوئی، اس قافلہ میں 45 گائیڈس (لڑکیاں) اور 99 سکاوٹس (لڑکے)، پانچ گائیڈر اور دس اسکاوٹ ماسٹر شامل تھے۔ ان کے علاوہ جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار کے تین نوجوان بھی جمبوری میں شامل ہوئے۔ مشرقی زون جمعیۃ یوتھ کلب کے نگراں رضوان احمد، مولانا عمار یاسر نے بنارس و اطراف کی ٹیم کی قیادت کی، میوات سے گائیڈ کی ٹیم کی نگرانی قاری محمد اسلم بڈیڈ نے کی۔
جمعیۃ یوتھ کلب کے نوجوانوں نے اپنا پروگرام 7جنوری کو ایک لاکھ کے مجمع کے سامنے پیش کیا، 8 جنوری کو منعقد ہونے والے خاص پروگرام نے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی بھی شریک ہوئے۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے پروگرام کے بعد بتایا کہ جس وقت ہمارے نوجوانوں نے اپنا پروگرام پیش کیا ہر طرف تالیوں کی گونج تھی۔ ہمارے نوجوانوں نے جس زبردست حوصلہ کے ساتھ یہاں مظاہرہ کیا ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ اسی جوش و ولولے سے آگے بڑھیں گے، مولانا حکیم الدین قاسمی کے ہمراہ مولانا ابوالحسن پالن پوری، حافظ بشیر احمد، مولاناحفظ الرحمن تھورپالن پور اور مولانا زکریا شامل تھے۔
ماسٹر ہدایت اللہ صدیقی نے بتایا کہ یہاں مارچ پاسٹ، جھانکی، پائینرنگ، ایڈوینچر، نائٹ ہائیڈ جیسے مقابلہ جاتی پروگرام ہوئے، کئی ریاستیں ہم سے پیچھے رہ گئیں۔ ہمارے 40؍ نوجوانوں نے نائٹ ہائیڈ میں پانچ کلو میٹر تک جنگل میں رات کی تاریکی میں سفر کیا جو بہت ہی جوکھم بھرا فن ہے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء راجستھان کے صدر مولانا قاری محمد امین، مولانا رمضان صدر جمعیۃ علماء جودھپور، قاری ارشد سکریٹری جمعیۃ علماء راجستھان، روہت کے ذمہ داران بالخصوص مولانا زبیر اور ان کی پوری ٹیم نے ہر ممکن ضیافت اور میزبانی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔