حج 2024: سعودی ایئر لائنس کی آخری پرواز کے ساتھ دہلی سے حج پروازوں کا سلسلہ اختتام پذیر

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے پرامن اور سہولت آمیز حج آپریشن کے لیے تمام ایجنسیوں کو مبارکباد پیش کی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر: پریس ریلیز</p></div>

تصویر: پریس ریلیز

user

پریس ریلیز

نئی دہلی: مبارک حج بیت اللہ 2024 کے لیے 9 مئی سے جاری پہلے مرحلے کی روانگی کے آخری دن آج سعودی ایئر لائنس کی 46ویں اور آخری پرواز کی مقدس شہر مدینہ منورہ روانگی کے ساتھ ہی دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے گزشتہ 17 دنوں سے جاری حج پروازوں کا سلسلہ اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ اس درمیان 46 پروازوں سے  کل 16,456 عازمین حج مقدس شہر مدینہ اور مکہ پہنچ چکے ہیں۔ ان عازمین میں مرد عازمین کی تعداد 8611، خواتین عازمین کی تعداد 7754، جبکہ ان میں 35 نابالغ بچے، 12 شیر خوار عازمین کی تعداد بھی شامل ہے۔

دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین میں دہلی، مغربی اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے علاوہ دہلی سے حج پرواز کا انتخاب کرنے والے عازمین میں آسام، بہار، چھتیس گرھ، جموں و کشمیر، گوا، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور اڈیشہ کے عازمین بھی شامل ہیں۔


25 مئی کو 46ویں اور آخری پرواز کی مدینہ روانگی کے وقت دہلی ایئر پورٹ پر حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کے دیگر اسٹاف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرپرسن کوثر جہاں نے بورڈنگ گیٹ پر عازمین حج کا پر تپاک استقبال کرتے ہوئے انھیں مقدس حج کے لیے روانگی پر مبارکباد پیش کی، اور ان سے گزارش کی کہ وہ دوران حج مقام مقدسہ پر اپنی دعاؤں میں وطن عزیز ہندوستان میں امن و سلامتی اور یہاں کی قابل مثال روایتی اخوت و یگانگت کے استحکام کے لیے بھی دعا کریں۔ انھوں نے اس 17 روزہ حج آپریشن کے پرامن اختتام اور کامیابی کے لیے وزارت اقلیتی امور حکومت ہند، دہلی حکومت کے محکمہ محصولات اور دیگر متعلقہ محکموں، حج کمیٹی آف انڈیا، ایئرپورٹ کی تمام ایجنسیوں، ڈائل، سی آئی ایف، سیلیبی، دہلی پولیس، بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ، جمعیت یوتھ کلب، دہلی ہوم گارڈ اور ایئرپورٹ و حج کیمپ میں عازمین کے تعاون  اور رہنمائی میں مصروف رضاکار تنظیم الرشید خادم الحاج ٹرسٹ، العرفات ٹرسٹ، الحیات سوشل ویلفیئر سوسائٹی، دعوت اسلامی اور دیگر تنظیموں  کے رضاکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اپنے اس عزم کا اظہار بھی  کیا کہ مقدس حج کی تکمیل کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی پوری عقیدت اور احترام کے ساتھ ایک بار پھر حجاج کرام کا والہانہ استقبال کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔