حج 2024: فلائٹ بکنگ کے لیے حج منزل پر حاجیوں کی آمد کا سلسلہ شروع
ڈی سی پی سنٹرل ایم. ہرشوردھن اور دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج کیمپ کا معائنہ کیا، اس موقع پر کوثر جہاں نے کہا کہ سیکورٹی کے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
نئی دہلی: مقدس سفر حج 2024 کے لیے دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 3 سے حج پروازوں کا سلسلہ 9 مئی سے شروع ہو رہا ہے۔ 9 مئی 2024، دیر رات 02:20 بجے پہلی حج پرواز کی بکنگ کے لیے بکنگ کاؤنٹر حج منزل میں شروع ہو گیا ہے اور عازمین حج اپنی پروازوں کی بکنگ کے لیے حج منزل میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
اس درمیان دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے ڈی سی پی سنٹرل ایم. ہرشوردھن کے ساتھ دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں واقع حج کیمپ کا دورہ کیا اور متعلقہ تھانے کے پولیس اہلکاروں کو سیکورٹی کے نقطہ نظر سے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
دوسری جانب ڈی سی پی اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اوشا رنگانی کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں حج پروازوں کے دوران حاجیوں کی حفاظت اور نقل و حرکت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں ہر قسم کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری انتظامات کو یقینی بنانے پر بھی بات ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔