جھیلوں کے شہر ادے پور میں کانگریس اپنے اور ملک کے مستقبل پر غور کرے گی...پرکاش بھنڈاری
سلمان خورشید نے ٹھیک کہا ہے کہ ادے پور شیور کا مقصد اگلے دو سال میں ہونے والے ریاستی انتخابات اور 2024 کے عام انتخابات کے لیے منشور لکھنا نہیں ہے بلکہ مسائل کا گہرائی سے جائزہ لینا ہے۔
کانگریس کے تاریخی سنکلپ چنتن شیور کے لئے جھیلوں کے شہر ادے پور میں تیاریاں زوروں پر چل رہی ہیں۔ حالیہ انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی کے پسِ منظر میں ادے پور کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ اس حقیقت سے کوئی بھی چشم پوشی نہیں کر سکتا کہ کانگریس نے پہلے بھی کئی مرتبہ خراب کارکردگی کے بعد دوبارہ پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ ابھر کر آئی ہے۔
پارٹی کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے ٹھیک کہا ہے کہ ادے پور شیور کا مقصد اگلے دو سال میں ہونے والے ریاستی انتخابات اور 2024 کے عام انتخابات کے لیے منشور لکھنا نہیں ہے بلکہ مسائل کا گہرائی سے جائزہ لینا اور انہیں موجودہ سوچ سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے صحیح کہا ہے کہ جن ووٹر کی رائے کانگریس کے نظریہ یعنی ’آئیڈیا آف انڈیا سے مطابقت نہیں رکھتی اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیڈیا آف انڈیا کو زندہ رکھنے کے لیے سب سے ضروری جنگ ہمارے لوگوں کے دلوں اور دماغوں کی ہے۔ ادے پور کنکلیو کانگریس پارٹی کے لئے اتنا ہی اہم ہے جتنا ملک کے مستقبل کے لئے۔
ملک کو درپیش معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی قیمتوں بالخصوص کھانا پکانے کی گیس اور پٹرول اور ڈیزل کا مشاہدہ ہندوستانی عوام کر رہی ہے۔ کانگریس کے مخالفین اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ادے پور شیور محض ایک رسم کی ادائیگی ہے۔ لیکن ایسے ناقدین یہ بھول گئے کہ کانگریس نے پنچ مڑھی، شملہ اور بنگلورو میں اسی طرح کے اجتماعات کا انعقاد کیا تھا اور اس کے نتیجے میں پارٹی کو انتخابی کامیابی حاصل کرنے میں مدد ملی۔
ادے پور میں شدید گرمی ہے اور ادے پور ہی کیوں پورا راجستھان مئی کی چلچلاتی دھوپ کی زد میں ہے، اس کے باوجود پارٹی نے کنکلیو کے لیے جھیل کے شہر کا انتخاب کیا ہے، کیونکہ وہ چاہتی ہے کہ شیور کا پیغام پورے ملک میں تو جائے ہی لیکن خاص طور سے راجستھان کے پڑوسی صوبہ گجرات تک بھی جائے، جہاں انتخابات ہونے والے ہیں۔ پارٹی رہنما اور کارکنان ادے پور کے اس شیور پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب بر سراقتدار جماعت بی جے پی ادے پور کنکلیو کے خیال سے اتنی پریشان ہے کہ اس نے ادے پور کنکلیو کے فوراً بعد جے پور میں نیشنل ایگزیکٹیو میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہی نہیں بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے ادے پور شیور سے پہلے بیکانیر ڈویژن میں ریلیوں کے انعقاد میں دو دن گزارے۔ بی جے پی کی قومی ایگزیکٹیو میٹنگ میں قومی عہدیداران، ریاستی جنرل سکریٹری انچارجز اور ریاستی صدور اور ریاستی جنرل سکریٹریز (تنظیم) شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جسمانی طور پر موجود نہیں ہوں گے، لیکن وہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پارٹی رہنماؤں سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں اس بات پر توجہ مرکوز کی جائے گی کہ این ڈی اے حکومت کی کامیابیوں کے بارے میں ملک بھر کے لوگوں کو کیسے پیغام دیا جائے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بی جے پی ادے پور میں کانگریس کے چنتن شیور سے کتنی پریشان ہے۔
اے آئی سی سی کے ذریعہ تشکیل دی گئی سیاسی پینل ریاستی اسمبلی انتخابات اور لوک سبھا انتخابات دونوں کے لئے مستقبل کے اتحاد کے لئے پارٹی کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کی تجویز پیش کرے گی۔ شیور کے دوران مختلف کمیٹیوں کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس پینل کی سربراہی راجیہ سبھا کے رکن ملکارجن کھڑگے کنوینر کے طور پر کر رہے ہیں اور غلام نبی آزاد مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ، اشوک چوہان، این اتم ریڈی، ششی تھرور، گورو گوگوئی، سپتگیری شنکر اس پینل میں شامل ہیں۔ اس کے امکانات ہیں کہ یہ پینل علاقائی جماعتوں کے ساتھ مستقبل کے اتحاد کے بارے میں پارٹی کو تجویز پیش کرے۔
سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم کی سربراہی میں اقتصادی پینل تشکیل دیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلی سدارامیا، راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، آنند شرما، منیش تیواری، راجیو گوڑا، پرینیتی شندے، گورو ولبھ، اور سپریا شرینیت اس پینل کے ارکان ہیں اور وہ مہنگائی جی ڈی پی اور ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کے مختلف اقدامات پر پارٹی کی حکمت عملی پر غور کریں گے اور تجویز پیش کریں گے۔
مکل واسنک اہم تنظیمی پینل کے سربراہ ہیں جو پارٹی کو یہ تجویز پیش کر سکتا ہے کہ کس طرح تبدیلی لائی جائے اور پارٹی کو دوبارہ پٹری پر کیسے لایا جائے۔ اس پینل میں اجے ماکن، طارق انور، رمیش چننی تھلہ، رندیپ سنگھ سرجے والا ادھیر رنجن چودھری، نیتا ڈی سوزا، اور میناکشی نٹراجن شامل ہیں۔ یہ ایک ایسی کمیٹی ہے جس میں بہت سے نوجوان ہیں۔
پارٹی میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی۔ امریندر سنگھ راجہ وارنگ کی سربراہی میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے اس پینل میں بی وی سری نواس، نیرج کندن، کرشنا گوڑا، کرشنا ایلیورو، الکا لامبا، روزی ایم جان، ابھیشیک دت، کرشنا ٹھاکر اور انگیتا دتہ شامل ہیں۔ اسی طرح بھوپیندر سنگھ ہڈا کی سربراہی میں کسان اور زراعت کا ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے اور سلمان خورشید کی قیادت میں سماجی انصاف کا ایک پینل بنایا گیا ہے۔ یہ تمام پینل شیور کے دوران اپنی تجاویز پیش کریں گے جن پر تبادلہ خیال ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔