’مجھے بھینس نہیں، 5-6 ایکڑ زمین چاہیے‘، اولمپک گولڈ جیتنے والے ارشد ندیم نے سسر کا بنایا مذاق
بھالا پھینک مقابلہ میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم کے سسر نے انھیں اس کامیابی پر بھینس بطور تحفہ دیا ہے، اس پر ایک تقریب کے دوران انھوں نے مزاحیہ انداز میں اپنا رد عمل ظاہر کیا
پاکستان کے جیولن تھرووَر یعنی بھالا پھینکنے والے کھلاڑی اس وقت خوب سرخیوں میں ہیں اور ملک میں ان کی ہر طرف پذیرائی ہو رہی ہے۔ پیرس اولمپک کے بھالا پھینک مقابلہ میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے ارشد ندیم پر تحائف کی بارش بھی ہو رہی ہے، لیکن ایک تحفہ انھیں ایسا ملا ہے جس کا وہ مذاق بنائے بغیر نہ رہ سکے۔ وہ تحفہ ہے ’بھینس‘، اور یہ کسی اور نے نہیں بلکہ ارشد ندیم کے سسر نے انھیں ان کی کامیابی پر دیا ہے۔
دراصل ارشد ندیم کوئی طلائی تمغہ ملنے سے پورا پاکستان خوش ہے۔ انھیں کروڑ روپے انعام مل چکے ہیں۔ کسی نے انھیں گاڑی تحفے میں دی ہے، تو کسی نے گھر بطور تحفہ پیش کیا ہے۔ ایسے میں ارشد ندیم کے سسر کا تحفے میں بھینس دینا پاکستانی میڈیا کی سرخیاں بن رہا ہے۔ ارشد ندیم نے ایک انٹرویو کے دوران اس تحفے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’مجھے بھینس نہیں، 5-6 ایکڑ زمین چاہیے‘۔
اپنے سسر کا یہ مذاق ارشد ندیم نے ایک لائیو شو کے دوران بنایا ہے جس کی ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ارشد ندیم نے یہ بات کہی تو لائیو شو میں ان کی شریک حیات بھی موجود تھیں۔ جب اینکر نے ارشد ندیم سے سسر کے ذریعہ دیے گئے تحفے کی بات چھیڑی تو گولڈ میڈلسٹ اس کھلاڑی نے کہا کہ وہ اتنے امیر ہیں اور مجھے صرف ایک بھینس دی، وہ مجھے پانچ چھ ایکڑ زمین بھی دے سکتے تھے۔ یہ بات سن کر اینکر قہقہہ مار کر ہنسنے لگا اور ساتھ میں ارشد ندیم بھی ہنستے دکھائی دیے۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپک 2024 میں جیولن تھرو کے فائنل مقابلہ میں ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی دوری حاصل کر اولمپک ریکارڈ توڑ دیا اور طلائی تمغہ پر بھی قبضہ کر لیا۔ انھوں نے فائنل مقابلے میں دو مرتبہ 90 میٹر کے ہدف کو پار کیا۔ ارشد ندیم نے اس مرتبہ گزشتہ بار کے گولڈ میڈلسٹ ہندوستانی کھلاڑی نیرج چوپڑا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے طلائی تمغہ پر قبضہ کیا۔ اس مرتبہ نیرج چوپڑا کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔