پاکستان میں جاری تشدد کے درمیان عمران خان کو عدالت میں کیا گیا پیش، نیب نے کی 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا

پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد حالات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں، دریں اثنا، انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں نیب نے ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔

عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو منگل کو گرفتار کرلیا گیا اور آج انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران نیب (قومی احتساب بیورو) نے عمران کے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی ہے۔ یہاں، پاکستان تحریک انصاف (پارٹی) نے اپنے سربراہ عمران خان کی کرپشن کیس میں گرفتاری کے خلاف بدھ کو ملک گیر بند کی کال دی ہے، جس کی وجہ سے دوسرے دن بھی ملک میں بڑے پیمانے پر تشدد کا امکان ہے۔ عمران کی پارٹی نے دعویٰ کیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں سکیورٹی فورسز اور پی ٹی آئی کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز سے عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے مسلسل ہنگامہ آرائی اور پاکستان میں ابلتی صورتحال کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس لائن میں خصوصی عدالت قائم کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد سے کچھ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں عمران کرسی پر انتہائی پریشان حال نظر آ رہے ہیں۔


عمران خان کو منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں نیم فوجی دستہ ’پاکستان رینجرز‘ ایک گاڑی میں گھسیٹ کر لے گئے تھے۔ بعد ازاں ہائی کورٹ نے بھی عمران کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں نے سڑکوں پر تشدد اور گھیراؤ شروع کر دیا۔ لاہور میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے پی ایم ایل این کے دفتر کو آگ لگا دی۔ اسی دوران عمران کے حامی لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور عمران کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔

عمران خان کی گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی پاکستان کے کئی شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ کئی مقامات پر مظاہرین پرتشدد ہو گئے۔ انہوں نے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے کور کمانڈر کی لاہور رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا اور گیٹ اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔ تاہم فوج کے جوانوں نے وہاں پر مشتعل مظاہرین کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ اس دوران مظاہرین نے فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کنٹونمنٹ کے علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔


عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان میں بہت زیادہ تشدد دیکھنے میں آیا۔ عمران کے حامیوں نے ریڈیو اسٹیشن، ہوائی اڈے، آرمی ہیڈ کوارٹر ہر جگہ حملہ کیا۔ مختلف مقامات پر آتشزدگی ہوئی، پتھراؤ بھی ہوا۔ سیکورٹی فورسز کو بھیڑ اور ہنگامہ پر قابو پانے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثنا، امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سیاسی بے چینی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔