پاکستان کے سبّی شہر میں موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے پولیس ٹرک میں ماری ٹکر، 9 پولیس اہلکار جاں بحق
خود کش دھماکہ کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے، اس دھماکہ میں کچھ پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں مقامی اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔
پاکستان میں ایک بار پھر خودکش بم دھماکہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم 9 پولیس افسران کی موت واقع ہو گئی۔ پاکستان پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ خود کش حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا جس نے پیر کے روز جنوب مغربی پاکستان میں ایک پولیس ٹرک میں ٹکر مار دی۔ اس ٹکر کے بعد دھماکہ ہوا جس میں 9 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں پیپلز پارٹی نے حکومت سے علیحدگی کا دیا عندیہ
خبر رساں ایجنسی رائٹرس کی ایک رپورٹ میں پولیس ترجمان محمود خان نوتیجائی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ بلوچستان علاقہ کی راجدھانی کوئٹہ سے تقریباً 160 کلومیٹر (100 میل) مشرق میں واقع شہر سبّی میں ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ اس وقت ہوا جب بلوچستان پولیس کے جوان ڈیوٹی سے لوٹ رہے تھے۔
خود کش حملہ میں 9 پولیس اہلکاروں کی موت کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس خود کش دھماکہ میں کچھ پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں مقامی اسپتال میں علاج کی غرض سے داخل کرایا گیا ہے۔ اس درمیان اسپتال کے افسران نے بتایا کہ حملے میں کم از کم 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کھسیانی بلی کھمبا نوچے!
تازہ خود کش حملہ کی ذمہ داری ابھی تک کسی دہشت گرد تنظیم نے نہیں لی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے گزشتہ ماہ کراچی میں بھی خود کش حملہ ہوا تھا۔ تب کراچی پولیس دفتر پر فوجی وردی پہنے ہوئے کچھ لوگوں نے حملہ کر دیا تھا۔ اس دوران اندھا دھند فائرنگ کی گئی تھی۔ پاکستانی سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر پوزیشن لیتے ہوئے جوابی کارروائی میں ٹی ٹی پی سے منسلک 5 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ حالانکہ اس میں 4 پولیس اہلکاروں کی بھی موت واقع ہوئی تھی۔ اس حملے میں 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔