پاکستان کے بازار میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 12 لوگوں کی دردناک موت، 13 سے زیادہ زخمی، بیشتر کی حالت سنگین

لاسبیلا کے ڈپٹی کمشنر مراد خان کاسی نے بتایا کہ واقعہ گیس ریفیلنگ عمل کے دوران ایک دکان میں پیش آیا جس سے ایک بڑا دھماکہ ہوا اور علاقے میں آس پاس کی دکانوں میں آگ  پھیل گئی۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے بلوچستان علاقہ کے ایک بازار میں گیس سلنڈر میں زوردار دھماکہ ہونے سے کم از کم 12 لوگوں کی موت ہو گئی اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ گیس ریفیلنگ کے دوران ہوا۔ زخمیوں کو کراچی سول اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

نیوز ایجنسی شنہوا کی رپورٹ کے مطابق لاسبیلا کے ڈپٹی کمشنر مراد خان کاسی نے بتایا کہ حادثہ ریفیلنگ عمل کے دوران ایک دکان میں پیش آیا جس سے ایک بڑا دھماکہ ہوا اور علاقے میں آس پاس کی دکانوں میں آگ پھیل گئی اور بازار میں کھڑی ایک درجن سے زیادہ گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔


ایک مقامی افسر نے کہا کہ اس حادثے میں 25 لوگ جھلس گئے ہیں جنھیں کراچی کے سول اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ 12 زخمیوں نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ افسر نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ مہلوکین کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ بیشتر زخمیوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ کی وجہ سے لگی آگ نے دکان میں رکھے دیگر سلنڈرس کو بھی اپنی زد میں لے لیا جس سے یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کی چار دکانوں اور پاس کھڑی تقریباً 12 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ مقامی لوگوں نے پولیس کی مدد سے زخمیوں کو نکالا اور اسپتال بھیجا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔