کم عمر ترین لڑکی نے بذریعہ طیارہ پوری دنیا کا چکّر لگانے کی مہم کا کیا آغاز

19 سالہ زارا ردرفورڈ نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی اور وہیں جہاز اڑانے کی تربیت بھی حاصل کی، وہ بچپن میں خلاباز بننا چاہتی تھیں مگر اب ان کی خواہش کم عمری میں دنیا کا فضائی چکر لگانا ہے۔

زارا ردردفورڈ
زارا ردردفورڈ
user

یو این آئی

لندن: یوروپی ملک بلجیم کی 19 سالہ لڑکی نے طیارہ کے ذریعے دنیا کے گرد چکر لگانے کا آغاز 18 اگست سے کردیا۔ وہ تین ماہ کے دوران 57 ممالک کے گرد چکر لگائیں گی۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق بلجیم نژاد برطانوی لڑکی 19 سالہ زارا ردرفورڈ نے ایک روز قبل ہی دنیا کے گرد چکر لگانے سے متعلق مشن کا آغاز کیا اور وہ پہلے مرحلے میں اپنے آبائی علاقے سے انگلینڈ پہنچیں۔ زارا ردرفورڈ کی خواہش ہے کہ وہ تین ماہ کے دوران دنیا کے پانچ بر اعظموں کے 57 ممالک کے گرد چکر لگا کر مذکورہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین لڑکی بنیں۔

زارا ردرفورڈ نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی اور وہیں جہاز اڑانے کی تربیت بھی حاصل کی۔ وہ بچپن میں خلاباز بننا چاہتی تھیں مگر اب ان کی خواہش کم عمری میں دنیا کا فضائی چکر لگانا ہے۔ زارا ردرفورڈ ہلکے جہاز کے ذریعے دنیا کے گرد چکر لگائے گی۔ ان کے الٹرا لائٹ اسپورٹ طیارے کا وزن محض 325 کلو گرام ہے اور یہ تیز رفتاری کے ساتھ درمیانی اونچائی پر اڑان بھرتا ہے۔ بلجیم نژاد برطانوی لڑکی سولو فلائٹ سفر کے دوران دنیا کے 57 ممالک میں رکیں گی اور رات بھر آرام کریں گی۔ انہوں نے دنیا کے گرد چکر مکمل کرنے کے لیے سعودی عرب، میانمار، گرین لینڈ اور ہنڈراس سمیت کئی ممالک سے خصوصی اجازت لی ہے اور وہ اپنے سفر کے دوران پانچ براعظموں کے سمندر، ریگستانوں اور پہاڑوں کو کراس کرتے ہوئے اپنی آرام کی منزل پر پہنچیں گی۔


سولو فلائٹ سفر کے دوران زارا ردرفورڈ الٹرا لائٹ طیارے میں تنہا ہوں گی اور ان کے پاس سیٹلائٹ ٹیلی فون سمیت ریڈیو وائرلیس کی سہولیات بھی ہوں گی، جنہیں استعمال کرتے ہوئے وہ اپنے روٹ کے ٹریفک کنٹرولرز سے رابطہ کر سکیں گی۔ زارا ردرفورڈ نے 18 اگست کو اپنے انسٹاگرام پر بلجیم سے اپنے گاؤں سے سفر شروع کرنے کی پہلی اڑان کی ویڈیو بھی شیئر کی اور خوشی کا اظہار کیا کہ انہوں نے نئے سفر کا آغاز کر دیا۔

بلجیم نژاد برطانوی لڑکی نے محض 14 برس کی عمر میں پائلٹ بننے کی تربیت کا آغاز کیا تھا اور گزشتہ برس ہی انہوں نے کمرشیل پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا تھا، ان کے والدین بھی ہواباز ہیں۔ اگر وہ تین ماہ کے اندر دنیا کے گرد چکر لگانے کا اعزاز حاصل کر لیتی ہیں تو وہ دنیا کی پہلی نوجوان خاتون ہوں گی۔ تاہم ان سے گزشتہ ماہ جولائی میں ہی 18 سالہ برطانوی لڑکے نے بھی دنیا کے گرد چکر لگانے کا مشن مکمل کیا تھا۔ ایک تیس سالہ خاتون نے بھی دنیا کے گرد چکر لگانے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے، لیکن اگر زارا ردرفورڈ اپنے مشن میں کامیاب ہوگئیں تو وہ ورلڈ ریکارڈ بنائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔