غم میں ڈوبا مشرقی افریقہ کا ملک ملاوی، طیارہ حادثہ میں نائب صدر کی موت، دیگر 9 سوار بھی ہلاک
ملاوی حکومت کے آفیشیل بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب صدر عزت مآب ڈاکٹر سولوس کلاس چلیما کو لے جا رہا طیارہ آج صبح چکن گاوا جنگل میں ملا، بدقسمتی سے طیارہ میں سوار سبھی افراد کی موت ہو گئی ہے۔
مشرقی افریقہ کے ملک ملاوی کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اس خبر کی تصدیق ہو گئی کہ نائب صدر سولوس کلاس چلیما طیارہ حادثہ میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ 10 جون کی صبح ملاوی کے نائب صدر چلیما اور دیگر 9 افراد کو لے کر پرواز بھرنے والا طیارہ لاپتہ ہو گیا تھا اور اس کے بعد سے ہی دعاؤں کا دور شروع ہو گیا تھا۔ بہت تلاش کے بعد آج صبح طیارہ کا ملبہ ایک جنگل میں برآمد ہوا اور ساتھ ہی اس میں سوار سبھی لوگوں کی موت سے متعلق تصدیق ہو گئی۔
ملاوی کے صدر لاجرس چکویرا نے ملک کو جانکاری دی کہ طیارہ جنوبی افریقی ملک کی راجدھانی لیلونگوے سے مقامی وقت کے مطابق صبح 9.17 بجے (پیر کو) روانہ ہوا تھا اور اسے 45 منٹ بعد ہی اپنی منزل پر پہنچ جانا تھا۔ خراب موسم کی وجہ سے ایئرپورٹ اتھارٹی نے طیارہ کو واپس لوٹنے کی ہدایت دی، جس کے بعد ایئر ٹریفک اتھارٹی کا رابطہ اس طیارہ سے ٹوٹ گیا۔ بعد ازاں طیارہ کی تلاش کے لیے ایک بڑی تلاشی مہم چلائی گئی۔ گھنٹوں چلی اس مہم کے بعد طیارہ کا ملبہ چکن گاوا جنگل کے پہاڑ میں ملا۔ صدر لاجرس چکویرا نے یہ بھی بتایا کہ طیارہ میں سوار سبھی 10 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔
نائب صدر کی موت سے متعلق تصدیق ہونے کے بعد ملاوی حکومت کا آفیشیل بیان بھی سامنے آیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’نائب صدر، عزت مآب ڈاکٹر سولوس کلاس چلیما کو لے جا رہا طیارہ آج صبح چکن گاوا جنگل میں برآمد ہوا ہے۔ بدقسمتی سے طیارہ میں سوار سبھی لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ صدر نے قومی غم کا اعلان کیا ہے اور حکم دیا ہے کہ آج سے لے کر آخری رسومات کے دن تک سبھی پرچم نصف جھکے رہیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔