کویت کے امیر صباح الاحمد الجابر الصباح کا 91 سال کی عمر میں انتقال

امیر کویت کا انتقال ایسے وقت میں ہوا ہے جب کویت عالمی وبا کورونا وائرس کا سامنا کررہا ہے۔امیر کویت کی وفات کے بعد آئین کے مطابق ولی عہد نواف الاحمد الصباح ملک کے نئے امیر ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دوحہ: امیر کویت صباح الاحمد الجابر الصباح کا آج 91 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور امریکہ کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔ عرب نیوز اور الجزیرہ نیوز کی رپورٹوں کے مطابق امیر کویت صباح الاحمد الصباح کو جولائی میں علاج کے لیے امریکہ کے ایک اسپتال میں بھرتی کرایا گيا تھا، جہاں علاج کے دوران بروز منگل ان کا انتقال ہوگیا۔

سن 1929 میں پیدا ہونے والے شیخ صباح الاحمد الصباح کو جدید کویت کی خارجہ پالیسی کا معمار سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے 1963 سے 2003 تک تقریبا 40 سال تک کویت کے وزير خارجہ کے بطور خدمات انجام دینے کے بعد ملک کے وزیر اعظم کا منصب سنبھالا تھا۔ اگست 2019 میں انہیں شدید طبی عارضہ لاحق ہوا اور انہیں طویل عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہنا پڑا۔ پھر جولائی 2020 میں انہیں فوری طبی علاج کے لیے امریکہ لے جایا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی تھی۔


امیر کویت کی وفات کے بعد آئین کے مطابق ولی عہد نواف الاحمد الصباح ملک کے نئے امیر ہوں گے۔ امیر کویت کا انتقال ایسے وقت میں ہوا ہے جب کویت عالمی وبا کورونا وائرس کا سامنا کررہا ہے۔ کویت میں اس وقت کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ کے پار ہوچکی ہے۔ کویتی وزارت صحت کے مطابق 95 ہزار متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں، اور 605 افراد جاں بحق ہوئے ہيں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔