نہ قزاخستان نے طالبان کو تسلیم کیا، نہ ہی ان سے کوئی سیاسی رابطہ ہے: نائب وزیر خارجہ

قزاخستان کے نائب وزیر خارجہ اکان رحمتو نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم طالبان کو تسلیم نہیں کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی سیاسی رابطہ نہیں ہے۔‘‘

طالبان / آئی اے این ایس
طالبان / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

الماتی: قزاخستان کے نائب وزیر خارجہ اکان رحمتو نے جمعہ کے روز کہا کہ ان کے ملک نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے اور نہ ہی طالبان کے ساتھ کوئی سیاسی رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ رحمتو نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم طالبان کو تسلیم نہیں کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی سیاسی رابطہ نہیں ہے۔‘‘

واضح رہے کہ قزاخستان کی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ وہ افغانستان میں ہونے والی پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئی ہے اور ملک میں ایک جامع حکومت کے قیام کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان کا حامی ہے، جو سماج کے تمام طبقات کی نمائندگی کرتی ہو اور آبادی کی بنیاد پر اقلیتوں، خواتین اور بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان شرائط کی تعمیل نئی افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کی ایک اہم شرط ہوگی۔


قابل ذکر ہے کہ 15 اگست کو طالبان نے کابل پر قبضہ کر لیا تھا اور افغان صدر اشرف غنی استعفیٰ دے کر ملک چھوڑ کر چلے گئے۔ اس کے بعد، طالبان کے مظالم سے خوفزدہ ہو کر ہزاروں افغان شہری کابل ایئرپورٹ پر جمع ہوئے، جس سے افراتفری کی صورت حال پیدا ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔